میسی کا انتظار ختم: ارجنٹائن نے کوپا امریکا کپ کا ٹائٹل جیت لیا
سپر اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنی قومی ٹیم کے ساتھ پہلی ٹرافی جیت لی اور اینجِل ڈی ماریا کے گول کے باعث کوپا امریکا کے فائنل میں ارجنٹائن نے میزبان برازیل کو 0-1 سے شکست دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں فتح سے ارجنٹائن کا کسی بڑی ٹرافی جیتنے کا انتظار 28 سال بعد ختم ہوا اور برازیل کا اپنے ملک میں ناقابل شکست رہنے کا رکارڈ ڈھائی ہزار سے زائد دنوں بعد ٹوٹ گیا۔
ارجنٹائن نے کوئی آخری بڑا ٹائٹل 1993 میں اپنے نام کیا تھا جب عظیم گیبریئل باٹِسٹوٹا نے ایکواڈور میں کھیلے گئے کوپا کپ کے فائنل میں میکسیکو کو 1-2 سے ہرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کوپا امریکا کپ: برازیل کے اسٹرائیکر نے چلی کے کھلاڑی کو 'فلائنگ کک' مار دی
ارجنٹائن کے کوچ لیونل سالونی نے کہا کہ 'یہ بہترین ٹائٹل ہے، مداحوں نے ٹیم کی غیر مشروط حمایت کی'۔
یہ کوپا کپ کے برازیل میں کھیلے گئے 6 ایڈیشنز میں پہلا موقع ہے جب برازیل، ٹرافی جیتنے میں ناکام رہا۔
فائنل میچ کے آغاز سے ہی دو ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے، تاہم میچ کا واحد گول ارجنٹائن کے ڈی ماریا نے کھیل کے 22ویں منٹ میں کیا۔
ٹائٹل جیتنے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ 'ہم کئی بار بہت قریب آنے کے باوجود فاتح نہیں بن پاتے تھے، ہم نے اس کے لیے بہت خواب دیکھے تھے اور سخت محنت کی تھی'۔
برازیل کے کوچ ٹائٹ نے کہا کہ 'ہم شدید تکلیف اور مشکل کے باوجود اپنی شکست تسلیم کرنی چاہیے'۔