کھیل

ومبلڈن اوپن: فیڈرر کو 2002 کے بعد پہلی مرتبہ اسٹریٹ سیٹ میں شکست

20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن کو پولینڈ کے نوجوان نے شکست دے کر سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم سے باہر کردیا۔

عالمی شہرت یافتہ سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 2002 کے بعد پہلی مرتبہ اسٹریٹ سیٹ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

سال کے اہم ترین گرینڈ سلیم ومبلڈن اوپن کے کوارٹر فائنل میں 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر کا مقابلہ 24 سالہ پولش نوجوان ہوبرٹ ہرکاسز سے تھا۔

سوئس اسٹار کو پہلے ہی سیٹ میں اس وقت بڑا دھچکا لگا جب نوجوان کھلاڑی نے 3-6 سے کامیابی سمیٹ کر ایک سیٹ کی سبقت حاصل کر لی۔

اگلے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں میں زبردست مقابلہ ہوا لیکن فتح نے ایک مرتبہ پھر پولینڈ کے ہوبرٹ کے قدم چومے جو 6-7 سے سیٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

تیسرے سیٹ میں فیڈرر بالکل بے بس نظر آئے اور چند ہی منٹ میں 0-6 سے سیٹ اور میچ ہار کر ومبلڈن اوپن سے باہر ہو گئے۔

20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن کو میچ میں 3-6، 6-7 اور 0-6 سے اسٹریٹ سیٹ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور یہ 2002 کے بعد پہلا موقع تھا کہ انہیں ومبلڈن اوپن میں اسٹریٹ سیٹ سے شکست ہوئی ہو۔

8 مرتبہ ٹائٹل جیتنے والے فیڈرر کی یہ 119 مقابلوں میں ومبلڈن اوپن میں محض 14ویں شکست ہے اور اس کے ساتھ ہی ممکنہ طور پر لندن میں ہونے والی اس ایونٹ میں ان کا سورج غروب ہو گیا ہے۔

فیڈرر اگلے ماہ 40 سال کے ہونے والے ہیں اور کھیل میں گرتی ہوئی کارکردگی کے باعث جلد ہی ان کی جانب سے انٹرنیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیے جانے کی توقع ہے۔

دوسری جانب ومبلڈن کے لیے چیمپیئن تصور کیے جانے والے نوواک جوکووچ نے ٹائٹل کی جانب سے پیش قدمی جاری رکھی اور کوارٹر فائنل میں اسٹریٹ سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

اگر سربیا کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی یہ ٹائٹل جیت جاتے ہیں تو فیڈرر اور رافیل نڈال کی طرح ان کے بھی گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 20 ہو جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان، مشرف کی طرح مودی کا بھی پولنگ ایجنٹ تھا، بلاول بھٹو

نئی آٹو پالیسی کے بعد مختلف کمپنیوں کا گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

جب ایک مسافر کے لیے جہاز کا بیت الخلا چھوٹا پڑگیا!