پاکستان

چشمہ ٹو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع

دوروز قبل چشمہ ون اور چشمہ ٹو پاور پلانٹ کی بندش سے بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا تھا۔

اسلام آباد: چشمہ ٹو پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہونے سے تین سو پچاس میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگئی،جبکہ چشمہ ون پاور پلانٹ آئندہ ایک دو روز میں آپریشنل ہو جائے گا جس سے مزید تین سو پچاس میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔

وزیر پانی و بجلی احمد مختار نے کہا ہے کہ  لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر پانی و بجلی احمد مختار کی سربراہی میں لوڈ شیڈنگ پر ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، وزیر پانی و بجلی نے متعلقہ اداروں کو بجلی کی پیداوار میں اضافے کے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چشمہ ون،ٹو، اے ای ایس لال پیر اور پاک جن سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے لوڈ شیڈنگ میں خاطر خواہ کمی ہوگی۔

حکام وزارت پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ چشمہ ٹو پاور پلانٹ کے آپریشنل ہونے سے 350 میگاواٹ بجلی کی پیداوار سسٹم میں شامل ہوگئی ہے۔ جبکہ چشمہ ون پاور پلانٹ بھی آئندہ ایک دو روز میں دوبارہ کام شروع کردے گا جس سے مزید تین سو پچاس میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ جبکہ مظفرگڑھ میں ٹرانسمیشن لائن بحال ہونےسے آج شام تک 370 میگاواٹ مزید بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی، واضح رہے کہ چشمہ ون اور ٹو پاور پلانٹس تکنیکی خرابی ے باعث دس روز قبل بند ہوگئے تھے۔