پاکستان

امریکا کیلئے پاکستانی برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا، مشیر تجارت

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کیلئے برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، عبدالرزاق داود

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ مالی سال 2021 میں امریکا کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 39 فیصد اضافہ ہوا اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کے لیے برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ مالی سال 2021 میں امریکا کے لیے برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا اور 5.2 ارب ڈالرز کی برآمدات ہوئیں جو مالی سال 2020 کے مقابلہ میں 1.45 ارب ڈالرزیادہ ہیں۔

مزید پڑھیں: ملکی برآمدات مسلسل چوتھے ماہ 2 ارب ڈالر سے زائد

ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 2020 میں امریکا کے لیے 3.7 ارب ڈالر مالیت کی برآمدات ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکا کو برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس حوالے سے ہمارے برآمد کنندگان اور امریکا میں تعینات تجارت اور سرمایہ کاری کے افسران کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے نیویارک اور ہیوسٹن میں پاکستانی مشنز میں تعینات آفسران کو پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتا ہوں۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک نے مئی کے آخر میں جاری اعداد و شمار میں بتایا تھا کہ پاکستان کی عالمی برآمدات کا حجم رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 20 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا جبکہ علاقائی ممالک افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے لیے برآمدات کا حجم 3 ارب 19 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو عالمی برآمدات کا محض 15.26 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علاقائی برآمدات میں 1.8 فیصد کا معمولی اضافہ

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ان ممالک سے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران درآمدات 10 ارب 75 کروڑ ڈالر تھیں جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 7 ارب 63 کروڑ ڈالر تھیں۔

جولائی تا اپریل 21-2020 کے دوران چین کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو علاقائی ممالک کے مقابلے میں 51.4 فیصد رہا۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کووڈ کے بعد کے عرصے میں برآمدات میں اضافہ نوٹ کیا گیا، اس کے برعکس چین کی برآمد کا حجم 35 فیصد بڑھا جو 10 ارب 31 کروڑ ڈالر پر مشتمل رہا۔

علاقائی برآمدات کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ افغانستان کے لیے پاکستان کی برآمدات میں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران 2.35 فیصد اضافہ ہوا جو 82 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 80 کروڑ 96 لاکھ ڈالر تھیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے لیے امریکا کے بعد افغانستان دوسرا بڑا برآمدی ملک ہے۔

جب اور جہاں ضروری ہوا، ایران کو نشانہ بنائیں گے، اسرائیلی وزیر دفاع

فائزر ویکسین کورونا کی قسم ڈیلٹا کے خلاف 64 فیصد تک مؤثر

نائیجیریا میں مسلح افراد نے 140 طلبہ کو اغوا کرلیا