صحت

تھائی لینڈ میں وزارت صحت کا میمو لیک، فائزر بوسٹر ڈوز نہ دینے کی تجویز

میمو میں کہا گیا کہ طبی عملے کو فائزر ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے سے سائنوویک پر لوگوں کا اعتماد متاثر ہوسکتا ہے۔

تھائی لینڈ میں وزارت صحت کی ایک دستاویز لیک ہونے کے بعد کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے ویکسنیشن کرانے والے طبی عملے کے افراد کو ایک ایم آر این اے ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزارت صحت کے اس داخلی میمو میں متعدد خیالات کا اظہار کیا گیا تھا، جسے تھائی میڈیا اور سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں : 'ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو سخت پابندیوں کا فیصلہ ہو سکتا ہے'

تھائی لینڈ کے وزیر صحت اونتین چرن ویراکول نے تصدیق کی ہے کہ یہ سرکاری دستاویز ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس دستاویز مین ایک عہدیدار (جس کا نام درج نہیں تھا) نے حکام کو مشورہ دیا تھا کہ صف اول کے طبی عملے کو فائزر۔بائیو این ٹیک ویکسین کا بوسٹر ڈوز نہ دیا جائے، کیونکہ ایسا اقدام 'یہ تسلیم کرنے کے برابر ہوگا کہ سائنو ویک ویکسین مؤثر نہیں'۔

تھائی لینڈ میں سائنوویک کی ناکارہ وائرس پر مبنی ویکسین کا استعمال طبی عملے کے لیے ہورہا ہے جس کے بارے میں حقیقی دنیا میں ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ یہ موت اور سنگین علامات سے بچانے میں 95 فیصد تک مؤثر ہے۔

تحقیق سے ثابت ہوا تھا کہ یہ ویکسین کورونا کی قسم الفا (جو گزشتہ سال دسمبر میں سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آئی تھی) سے 71 سے 91 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔

رائٹرز کے رابطہ کرنے پر سائنوویک کی جانب سے ویکسین کی افادیت کے حوالے سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

لیک دستاویز پر موجود اس مشورےکے بعد معروف تھائی طبی ماہرین بشمول میڈیکل کونسل کے عہدیدار نے ہیلتھ ورکرز کو فائزر ویکسین کا بوسٹر ڈوز دینے کا مطالبہ کیا۔

گیو فائزر ٹو میڈٖیکل پرسنل کا ہیش ٹیگ تھائی لینڈ میں ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا تھا اور اس پر 6 لاکھ 24 ہزار سے زیادہ ٹوئٹس کی گئیں۔

اعلیٰ عہدیار اوپاس کرن کوین پونگ نے صحافیوں کو بتایا کہ دستاویز درست نہیں تاہم وزیر صحت نے اس کی تردید کی۔

وزیر صحت نے بتایا کہ بوسٹر ڈوز کے حوالے سے مشورہ محض ایک تجویز ہے اور ماہرین کا ایک پینل ویکسین پالیسی کا تعین کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنوویک کی 2 خوراکیں مؤثر ہیں اور توقع سے زیادہ بہتر نتائج فراہم رکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کا خدشہ

دوسری جانب تھائی ماہرین نے حکومت پر مختلف کورونا وائرس ویکسینز کے استعمال پر زور دیا تاکہ لوگوں کو زیادہ بہتر تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

تھائی لینڈ میں زیادہ تر انحصار ایسٹرازینیکا ویکسین پر کیا جارہا ہے جسے مقامی طور پر تیار کیا جارہا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ موڈرنا کی ایم آر این اے ویکسین بھی جلد دستیاب ہوگی۔

تھائی لینڈ نے فائزر ویکسین کی 2 کروڑ خوراکوں کو خریدا ہے جو مستقبل قریب میں دستیاب ہوں گی جبکہ جولائی میں امریکا کی جانب سے عطیہ کردہ 15 لاکھ خوراکیں بھی مل جائیں گی۔

عالمی ادارہ صحت نے 60 سال سے کم عمر افراد کو کووڈ سے بچانے کے لیے سائنوویک ویکسین کو مؤثر دریافت کیا ہے۔

فیس ماسک کا استعمال کووڈ کو پھیلنے سے روکنے کیلئے بہترین

کووڈ 19 کی روک تھام کرنے والی ویکسینز کا ایک اور فائدہ سامنے آگیا

کووڈ سے کچھ مریضوں کے خون کے خلیات میں طویل المعیاد تبدیلیاں آنے کا امکان