پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کی ڈائریکٹر جنرل کار حادثے میں زخمی
پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید کار حادثے میں زخمی ہوگئیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید کی گاڑی کو گزشتہ روز پنجگور سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر اس وقت حادثہ پیش آیا جب ان کی گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔
دونوں گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے بعد فوزیہ سعید اور ان کے بھتیجے کو زخمی حالت میں سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
سر میں چوٹ لگنے کے باعث ڈاکٹر فوزیہ سعید تاحال بے ہوش ہیں اور ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید آرٹ سے متعلق ٹریننگ کی نگرانی کے لیے کوئٹہ آئی تھیں تاہم حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔
پی این سی اے کی ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈاکٹر فوزیہ سعید کو کوئٹہ میں واقع ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے اور وہ صحتیاب ہورہی ہیں۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے ڈاکٹر فوزیہ سعید کی گاڑی کے حادثے کے واقعے کی تصدیق کی۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے، ڈاکٹر فوزیہ سعید بلوچستان کے سرکاری دورے کے دوران کار حادثے میں زخمی ہوگئیں۔
ٹوئٹ میں عوام سے ڈی جی پی این سی اے کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی گئی۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی خبر سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد اکثر افراد ان کے لیے دعا گو ہیں۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کی کہ ڈاکٹر فوزیہ سعید کے لیے دعا گو ہوں، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں، اللہ انہیں جلد صحتیاب کرے۔
ڈاکٹر فوزیہ سعید گزشتہ سال پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل تعینات ہوئی تھی اس سے قبل وہوفاقی دارالحکومت میں لوک ورثہ- نیشنل ہیریٹیج میوزیم سے وابستہ تھیں۔