کوریو گرافر سروج خان کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان
بولی وڈ فلم پروڈکشن و میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مالک بھشن کمار نے آنجھانی کوریوگرافر و ڈانسر سروج خان کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔
ٹائمز آنڈیا کے مطابق بھشن کمار نے سروج خان کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا اور بتایا کہ جلد ہی فلم پر کام شروع کردیا جائے گا۔
اگرچہ بھشن کمار نے سروج خان کی زندگی پر فلم بنانے کی تصدیق کی لیکن فوری طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم کی کہانی کون لکھے گا اور اس کی ہدایات کون دے گا۔
ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ سروج خان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں ان کا کردار کون سی اداکارہ کریں گی تاہم امکان ہے کہ ان کی زندگی پر مادھوری ڈکشٹ کو کاسٹ کیا جائے گا۔
ان کے علاوہ ملائکا اروڑہ اور روینہ ٹنڈن سمیت کرینہ کپور اور دپیکا پڈوکون جیسی اداکاراؤں کے حوالے سے بھی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں۔
سروج خان گزشتہ برس 3 جولائی کو دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں، انہوں نے 40 سال تک بولی وڈ میں کام کیا۔
انہوں نے 40 سالہ کیریئر میں 2 ہزار سے زائد گانوں کی کوریوگرافی کی، جن میں سے متعدد گانوں میں انہوں نے خود بھی بطور ڈانسر پرفارمنس دی۔
سروج خان کو کوریوگرافی میں بولی وڈ کی ماں بھی کہا جاتا تھا، انہوں نے سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ سمیت ایشوریا رائے جیسی کئی مشہور اداکاراؤں کے معروف گانوں کی کوریوگرافی ترتیب دی۔
یہ بھی پڑھیں: ’چنے کے کھیت’ اور ’چولی کے پیچھے’ گانوں کی کوریوگرافر سروج خان چل بسیں
سروج خان نے ’چنے کے کھیت، چولی کے پیچھے، تما تما لوگے، ایک دو تین، ڈولا رے، ڈولا رے اور جیا دھک دھک کرنے لگا’ سمیت درجنوں معروف گانوں کی کوریو گرافی کی۔
سروج خان نے انتہائی کم عمری میں بطور چائلڈ ڈانسر آرٹسٹ کام کا آغاز کیا اور محض 13 برس کی عمر میں خود سے 30 سال سے زائد العمر کوریوگرافر شخص سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
سروج خان کی پیدائش متحدہ ہندوستان میں ہوئی تھیں اور ان کے آباؤ اجداد پاکستان کے علاقوں میں رہائش پذیر تھے لیکن تقسیم سے قبل ہی وہ موجودہ ہندوستان کی جانب ہجرت کرگئے تھے۔
سروج خان کی پہلی شادی زیادہ عرصے نہیں چلی اور انہوں نے 1975 میں مسلمان صنعت کار سردار روشن خان سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹی سکینہ خان ہیں۔
سروج خان کو بطور کوریو گرافر دوسری شادی کے بعد شہرت حاصل ہوئی اور انہوں نے درجنوں فلموں کے 2 ہزار کے قریب گانوں کے رقص کو ترتیب دیا، ان کی کوریوگرافی کے باعث ہی سری دیوی اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں نے الگ مقام بنایا۔