سونیا حسین کے پرانے بیان سے شرمین عبید چنائے ناخوش
آسکر اور گریمی ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے سونیا خان کے پرانے بیان پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر واضح کیا ہے کہ وہ خود کو دوسری اداکاراؤں سے تشبیہ نہ دیں۔
سونیا حسین نے تین سال قبل ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو بولی وڈ فلم ’رئیس‘ میں کام نہ کرتیں۔
سونیا حسین نے اگست 2018 میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام یاسر حسین کے شو میں ایک سیگمنٹ کے دوران مذکورہ بات کہی تھی۔
پروگرام کے میزبان نے سونیا حسین سے پوچھا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو کون سی فلم میں کام نہ کرتیں اور پھر میزبان نے انہیں آپشن کے طور پر ماہرہ خان کی تین فلموں ’ورنہ، رئیس اور ہو من جہاں‘ کے نام بتائے تھے۔
سونیا حسین نے جواب میں کہا تھا کہ اگر وہ ماہرہ خان ہوتیں تو بھارتی فلم ’رئیس‘ میں کام نہ کرتیں، جس پر میزبان نے ان سے تعجب سے پوچھا تھا کہ وہ بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ کیوں کام نہ کرتیں؟
جس پر سونیا حسین نے واضح کیا تھا کہ اس لیے کہ انہیں لگتا ہے کہ اداکار کو اپنا کردار دیکھ کر اداکاری کرنی چاہیے، نہ کہ صرف ہیرو کی سائیڈ میں رہنے کی وجہ سے کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: 'رئیس' کے نئے پوسٹرز: ماہرہ خان مکمل توجہ کا مرکز
سونیا حسین کا خیال تھا کہ ’رئیس‘ میں ماہرہ خان کو اہم کردار میں نہیں دکھایا گیا بلکہ انہیں ہیرو کے آگے پیچھے والے کردار کے طور پر دکھایا گیا۔
سونیا خان کے مذکورہ بیان کو حال ہی میں ’گرازیا میگزین‘ کے انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا، جس پر کئی لوگوں نے کمنٹس کیے اور اسی پوسٹ پر شرمین عبید چنائے نے بھی کمنٹ کیا۔
شرمین عبید چنائے نے اپنے کمنٹ میں سونیا یا ماہرہ خان کو مینشن نہیں کیا، البتہ وہ سونیا خان کے جواب سے ناخوش دکھائی دیں۔
شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کے لیے لکھا کہ وہ خود کو ماہرہ خان سے تشبیح نہ دیں، وہ کبھی بھی ماہرہ خان نہیں بن سکتیں، اس لیے انہیں ایسا کہنے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔
شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کو مزید ہدایات دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں انڈسٹری میں موجود دوسری خواتین کی ایسے بے ادبی نہیں کرنی چاہیے، کیوں کہ ایسی بات کرنے سے ان کی پرورش کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی اور اب تک کی واحد بولی وڈ فلم ’رئیس‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں انہوں نے شاہ رخ خان کی بیوی آسیہ کا کردار ادا کیا تھا۔