پاکستان

چین سے کووِڈ ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں موصول

مختلف اقسام کی ویکسین کی 2 کروڑ 11 لاکھ 30 ہزار خوراکوں میں سے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد خریدی گئی تھیں، این سی او سی

اسلام آباد: ایسے میں کہ جب ایک ماہ میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 55 ہزار سے کم ہو کر 32 ہزار 153 رہ گئی ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے گلگت بلتستان میں مثبت کیسز کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کردیا۔

دوسری جانب وزارت صحت نے عیدالاضحیٰ کے پیشِ نظر جانوروں کی منڈی کے لیے رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان رہنما ہدایات کے تحت ویکسینیشن کا ثبوت نہ رکھنے والے جانوروں کے بیوپاریوں کو منڈی میں کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:سائنوویک کی کووڈ ویکسین بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ اور مؤثر قرار

علاوہ ازیں چین سے کووِڈ ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکوں کی آمد کے ساتھ این سی او سی نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہ حکومت زیادہ تر عطیہ شدہ ویکسین پر انحصار کررہی ہے، کہا کہ مختلف اقسام کی ویکسین کی 2 کروڑ 11 لاکھ 30 ہزار خوراکوں میں سے ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد خریدی گئی تھیں اور آخری کھیپ جون کی خریداری کا حصہ ہے۔

این سی او سی کا اجلاس نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی سربراہی میں ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی بھی شریک ہوئے۔

این سی او سی نے گلگت بلتستان میں وبا کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے شمالی علاقہ جات اور ایس او پیز پر عملدرآمد پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: 2 کووڈ ویکسینز کا امتزاج زیادہ طاقتور مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار

فورم نے کہا کہ وفاق کی اکائیوں کو اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کی منصوبہ بندی کرنے کی صوابدید حاصل ہے۔

نئی لہر کا خطرہ

وزارت صحت نے عید الاضحیٰ کے پیشِ نظر رہنما ہدایات جاری کی ہیں جس میں عوام کو وائرس کی نئی لہر کے خطرے کی وجہ سے صرف ضروری اور کم سے کم سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کورونا وائرس اب مزید تیزی سے پھیلنے والی اقسام کے ساتھ موجود ہے جس کے نتیجے میں انفیکشن کی نئی لہریں آرہی ہیں۔

چنانچہ عید کے سلسلے میں قائم کردہ مویشی منڈیوں کے علاوہ عید گاہوں میں سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی اقدامات پر عمل کیا جائے تا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب، خیبرپختونخوا کا یکم جولائی سے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

وزارت نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن خریداری کو ترجیح دیں اور مویشی منڈیوں کے لیے ضلعی انتظامیہ آبادی سے دور بڑے اور کھلے مقامات مختص کرے۔

علاوہ ازیں حکومت نے مویشیوں کے بیوپاریوں کے لیے بھی ویکسینیشن لازمی قرار دی ہے اور ویکسین کے بغیر منڈی میں کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نماز اور قربانی

وزارت صحت نے عید کی نماز اور جانوروں کی قربانی سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ذبح کے مقامات آبادی سے دور ہونے چاہیے جبکہ ان مقامات پر ہر صورت مجمع جمع کرنے سے گریز کیا جائے۔

عید کی نماز گھر میں پڑھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ عید گاہوں میں علیحدہ داخلی و خارجی مقامات، نمازیوں کی تھرمل اسکریننگ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

علاوہ ازیں مساجد میں کوئی کارپیٹس نہیں بچھائی جائیں گی اور لوگوں کو اپنی جانماز خود لانے کی ہدایت کی گئی۔

ساتھ ہی امام حضرات کو عید کے خطبے میں عالمی وبا اور اس کے احتیاطی تدابیر سے متعلق عنوانات پر بات کرنی کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت پر امریکی تعلقات سے متعلق 2012 کی تجاویز پر عمل کرنے کیلئے زور

توانائی کے شعبے کو دباؤ سے نکالنے کیلئے فرنس آئل کی سپلائی بڑھا دی گئی

فیول ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے جولائی کے بجلی کے بلوں میں کمی کا امکان