لائف اسٹائل

عامر لیاقت نے دوسری اہلیہ طوبیٰ سے طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا

رکن قومی اسمبلی و اسکالر نے 2018 میں ماڈل طوبیٰ سے شادی کی تھی، چند دن سے ان کی طلاق کی خبریں چل رہی تھیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی، اسکالر اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر سے طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے عجب دلیل پیش کردی۔

عامر لیاقت نے ماڈل و اداکارہ طوبی عامر سے 2018 میں شادی کی تھی۔

خود سے کئی سال کم عمر اور بیٹی کی عمر جتنی لڑکی سے شادی کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا جب کہ ان کے بچوں نے بھی انہیں طعنے دیے تھے۔

دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت کی پہلی شادی ختم ہوگئی تھی اور ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ نے دسمبر 2020 میں طلاق کی تصدیق کی تھی۔

سیدہ بشریٰ نے بتایا تھا کہ دوسری شادی کے بعد عامر لیاقت نے انہیں طلاق دے دی تھی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہیں کب طلاق ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت نے تیسری شادی کے دعووں کو مسترد کردیا

دوسری شادی کے ڈھائی سال بعد اب عامر لیاقت کی تیسری شادی کی افواہوں کے بعد سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ان سے دوسری اہلیہ طوبیٰ عامر نے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

عامر لیاقت اور طوبیٰ عامر کے درمیان طلاق کی خبریں گزشتہ دو ہفتوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔

ان خبروں میں اس وقت شدت دیکھی گئی جب تین روز قبل عامر لیاقت نے تیسری شادی کا دعویٰ کرنے والی لڑکی ہانیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ تیسری شادی کی جھوٹی خبروں سے ان کا گھر بھی ٹوٹ گیا۔

مزید پڑھیں: عامر لیاقت کا تیسری بیوی کا دعویٰ کرنے والی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

عامر لیاقت کی جانب سے تیسری شادی کی افواہوں پر اپنا گھر ٹوٹ جانے کا جملہ استعمال کیے جانے کے بعد ان کی طوبیٰ سے طلاق کی خبریں وائرل ہونے لگیں۔

عامر لیاقت نے ایک روز قبل بھی طوبیٰ سے طلاق کی خبریں چلانے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

تاہم اب وہ طلاق کی خبروں کو جھوٹا قرار دینے کے لیے عجب منطق سامنے لائے ہیں اور انہوں نے ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

عامر لیاقت نے ٹوئٹر پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اہلیہ طوبیٰ عامر کا ٹوئٹر اکائوںٹ دکھایا، جس میں تاحال انہوں نے خود کو عامر لیاقت کی بیوی قرار دے رکھا ہے۔

ویڈیو میں عامر لیاقت نے طوبیٰ کے ٹوئٹر اکائونٹ پر اپنا نام دکھانے کے بعد خود کو بھی دکھایا اور کہا کہ ان کے حوالے سے پھیلنے والی باقی تمام خبریں بکواس ہیں

عامر لیاقت نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جھوٹو، مکارو، چلتر بازو، خبروں سے کھیلنے والے ڈھونگیو آگے اگے دیکھتے جایئے!! ابھی تو bounce back شروع ہوا ہے۔

ان کی مذکورہ ٹوئٹ کو ان کی اہلیہ طوبیٰ عامر نے بھی ری ٹوئٹ کیا، تاہم انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دی۔

عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی کی تصاویر سامنے آگئیں

عامر لیاقت کی دوسری شادی پر پہلی اہلیہ اور بیٹی کا ردعمل

عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ نے طلاق کی تصدیق کردی