چین نامہ: چین میں کون کون سے تہوار منائے جاتے ہیں؟ (آٹھویں قسط)
اس سلسلے کی گزشتہ اقساط یہاں پڑھیے۔
چین میں بہت سے تہوار منائے جاتے ہیں۔ ان میں سے ہر تہوار کی اپنی حیثیت اور اپنی تاریخ ہے۔ چینیوں کی اچھی بات یہ ہے کہ اس تیز ترین دور میں بھی وہ اپنی ثقافت اور اس سے جڑے تہواروں کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ آئیے، اس بلاگ میں آپ کو چین کے چند اہم تہواروں سے متعارف کرواتے ہیں۔
نیا قمری سال یا اسپرنگ فیسٹول
چین کا سب سے بڑا اور اہم تہوار نئے قمری سال کی آمد ہے۔ اسے اسپرنگ فیسٹول یعنی بہار کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔ اس فیسٹول کے لیے چین میں ایک ہفتے کی سرکاری چھٹی دی جاتی ہے۔ یہ سال کا وہ وقت ہوتا ہے جب پورا چین چھٹی پر چلا جاتا ہے۔ سب کچھ بند ہوجاتا ہے۔ اِکا دُکا دکانیں، مالز اور تفریحی مقامات البتہ کھلے رہتے ہیں۔
چینی عوام چاہے کہیں بھی رہ رہے ہوں، اسپرنگ فیسٹول سے قبل اپنے آبائی گھروں کو لوٹنا شروع کردیتے ہیں تاکہ نئے سال کا آغاز اپنے پیاروں کے ساتھ کرسکیں۔ سوچیں، دنیا کی سب سے بڑی آبادی ایک ہی وقت میں نقل و حرکت شروع کردے تو کیا ہوگا۔ دنیا کی سب سے بڑی سالانہ ہجرت۔ یعنی چینی سفر ہی کرلیں تو عالمی ریکارڈ بنا دیتے ہیں۔ چینیوں کے گھر لوٹنے کے اس عمل کو چینی زبان میں 'چُن یُن' کہا جاتا ہے۔ چینی حکومت اس دوران ذرائع آمد و رفت کا نظام جس طرح سنبھالتی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔
ہر سال نئی سے نئی ٹیکنالوجی لائی جارہی ہے تاکہ چُن یُن کے دوران لوگوں کا سفر پہلے سے کہیں زیادہ تیز اور آرام دہ بنایا جاسکے۔ چند سال قبل ٹرین اسٹیشنوں پر چہرہ شناسی نظام (facial recognition system) متعارف کروایا گیا تھا۔ اس سسٹم کی وجہ سے عوام کا ٹرین اسٹیشن پر قائم سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر انتظار محض 3 سیکنڈ کا رہ گیا ہے۔ اسٹیشن پر لوگوں کی مدد کے لیے روبوٹ بھی رکھے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو سوال پوچھنے کے لیے باقاعدہ کاؤنٹر تک بھی نہ جانا پڑے۔
چین کے نئے قمری سال کا آغاز ہر سال 20 جنوری سے 20 فروری کے درمیان ہوتا ہے۔ چینی کیلنڈر 12 سالوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر سال کسی نہ کسی جانور سے منسوب ہے۔ یہ بیل کا سال ہے۔ اگلا سال چیتے کا ہے۔ چینیوں کا ماننا ہے کہ بیل کے سال میں پیدا ہونے والے لوگ بہادر، صابر، مہربان اور محنتی ہوتے ہیں۔ اسی طرح ہر سال کے حوالے سے مختلف باتیں مشہور ہیں۔