سندھ: پرائمری اسکول 21، تفریحی پارکس اور درگاہیں 28 جون سے کھولنے کا فیصلہ
حکومت سندھ نے کورونا کیسز میں خاطر خواہ کمی کے بعد پرائمری اسکول 21 جون، تفریحی پارکس اور درگاہیں 28 جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ، مشیر مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر قیصر سجاد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں کورونا وائرس کی تشخیصی شرح 3.9 فیصد ہوگئی ہے اور کیسز میں کمی آرہی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کمی تب تک ہوتی رہے گی جب تک عوام ایس او پیز پر عمل کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں تشخیص کی شرح 8.08 اور حیدرآباد 4.3 فیصد ہے، جبکہ جون میں 263 کورونا مریض انتقال کر گئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی ضلع شرقی اور ضلع جنوبی میں کیسز بہت زیادہ ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک صوبے کو ویکسینز کی 32 لاکھ 43 ہزار 988 خوراکیں موصول ہوئیں، جن میں سے 28 لاکھ 73 ہزار 857 استعمال ہو چکی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ویکسین کی کمی کے باعث ویکسی نیشن سینٹرز اتوار کو بند رہیں گے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ روس کی اسپوتنک ویکسین جون کے آخری ہفتے میں آجائیں گی، سائنوویک کی 15 لاکھ خوراکیں 21 جون، کین سائنو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں 23 جون کو ملیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں پرائمری اسکول 21 جون سے کھول دیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ صحت سندھ نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا خدشہ ظاہر کردیا
ٹاسک فورس نے درگاہیں، امیوزمنٹ پارکس اور انڈور جمز 28 جون سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ سندھ میں 15 جون سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دی گئی تھیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہفتے میں 2 دن کی بندش کے بجائے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کاروبار بند کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ اب صرف اتوار کے دن کاروبار بند ہوگا اور باقی دن کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔