پاکستان

نیب حکام کو ہائی پروفائل کیسز کی تحقیقات میں تیزی لانے کی ہدایت

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کے ڈایکٹر جنرل سے نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق تحقیقات پر بریفنگ لی۔

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور بیورو کو ہدایت کی ہے کہ وہ وفاقی وزیر خسرو بختیار، ان کے بھائی و صوبائی وزیر ہاشم جوان بخت، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف اور دیگر کے خلاف اہم انکوائریاں جلد ازجلد مکمل کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں (سی آئی ٹیز) کے ہمراہ چیئرمین کو صوبائی ہیڈکوارٹر میں مختلف تحقیقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: نیب نے مریم نواز کو ایک اور کیس میں طلبی کا نوٹس بھیج دیا

چیئرمین کو آگاہ کیا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے متعلق چوہدری شوگر ملز (سی ایس ایم) کی تحقیقات آخری مراحل میں ہے اور ان کے اور دیگر کے خلاف جلد ہی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

نیب کے مطابق مریم نواز کے نام پر 2008 میں غیر ملکی شہریوں سیف بن جبار السویدی (متحدہ عرب امارات)، شیخ ذکا الدین (برطانیہ) اور ہانی احمد جامجم (سعودی عرب) کی جانب سے سی ایس ایم کے ایک کروڑ 15 لاکھ شیئر منتقل ہوئے اور تاحال وہ اس ضمن میں جواب جمع کرانے میں ناکام ہیں۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار اور پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جوان بخت کے اربوں روپے مالیت کے آمدن سے زائد اثاثوں کا انکشاف ہوا ہے، لیکن ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے یا نہ ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

مزید پڑھیں: نیب نے مریم نواز کی 26 مارچ کی پیشی ملتوی کردی

رحیم یار خان ضلعی کونسل کے چیئرمین اور وفاقی وزیر کی حیثیت سے اپنے دور میں خسرو بختیار کے اثاثوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔

قبل ازیں نیب نے ایک درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ خسرو بختیار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاجات کیس میں انکوائری جاری ہے اور جلد مکمل کرلی جائے گی۔

چیئرمین نیب کو سابق ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل اور ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد خان چیمہ کے ذریعے رائے ونڈ میں اراضی الاٹمنٹ میں شریف خاندان کو فائدہ پہنچانے کے لیے ایل ڈی اے ماسٹر پلان پر نظرثانی کی تحقیقات میں پیشرفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

لاثانی چکس اینڈ آئل کمپنیوں کے معاملے میں چیئرمین کو بتایا گیا کہ اب تک ڈھائی ارب روپے کے دعوے دائر کیے جاچکے ہیں اور ایڈن ہاؤسنگ انکوائری میں اس کے مالک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگر پلی بارگین کرنا چاہتے ہیں تو پہلے 16 ارب روپے ادا کریں۔

مزید پڑھیں: چیئرمین نیب کا قانون میں ترمیم سے پہلے عدالتی فیصلے پڑھنے کا مشورہ

غداری کے مقدمے میں ضمانت پر رہا ہونے والے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف پر بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

چیئرمین کو اختیارات اور اثاثوں کے ناجائز استعمال میں ڈی آئی جی اکبر ناصر اور ایڈیشنل آئی جی ملک علی عامر کے خلاف تحقیقات میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

پنجاب میں سیاحت کھلنے پر کلرکہار جھیل پر بھی رونق بحال ہوگئی

کوئٹہ اور ملتان: دو ایک جیسی ٹیمیں، دو مختلف کہانیاں!

ای او بی آئی اسکینڈل: عدالت کی ایف آئی اے کو ملزمان کےخلاف کارروائی کی اجازت