لائف اسٹائل

خلیل الرحمٰن قمر کو عورتوں کی عزت سے متعلق تعلیم کی ضرورت ہے، سونیا حسین

ڈراما ساز نے متعدد مرتبہ ڈراموں میں کام کی پیش کش کی اور اب تک کرتے آ رہے ہیں، اداکارہ کا دعویٰ

اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ معروف ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر نے اچھا پڑھا ہے مگر انہیں اب بھی پڑھنے کی ضرورت ہے۔

جیو نیوز کے کرکٹ شو ’جشن کرکٹ‘ میں بات کرتے ہوئے سونیا حسین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جب بھی کوئی شخص ٹیلی وژن پر براہ راست کسی معاملے پر گفتگو کر رہا ہو تو اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حد سے نہیں گزرنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں فردوس عاشق اعوان نے ایک رکن اسمبلی کو تھپڑ رسید کیا، جس پر کافی بحث ہوئی مگر ٹی وی پر خاتون کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان سے بدتمیزی کی تھی تو انہوں نے مرد رکن کو تھپڑ مار کر صحیح کیا۔

اسی معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے سونیا حسین نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ جب بھی ٹی وی پر کوئی مسئلہ ہو تو ہر کسی کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیوں کہ ٹی وی کو قوم دیکھ رہی ہوتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس طرح ڈراما لکھاری خلیل الرحمٰن قمر بھی ہیں، جب بھی وہ ٹی وی پر آتے ہیں تو نامناسب باتیں کر رہے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: میرے پاس تم ہو میں کام کی پیش کش ہوئی تھی، سونیا حسین

سونیا حسین نے کہا کہ وہ مانتی ہیں کہ خلیل الرحمٰن قمر اچھے لکھاری ہیں مگر وہ خواتین سے متعلق غلط باتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر کو خواتین کے حقوق سے متعلق مزید تعلیم لینے کی ضرورت ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جو حقوق مرد حضرات کے ہیں وہ خواتین کے بھی ہیں۔

سونیا حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں خلیل الرحمٰن قمر کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ڈراما ساز انہیں مذکورہ ڈرامے کے علاوہ بھی متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش کر چکے ہیں اور تاحال کرتے آ رہے ہیں۔

اداکارہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب انہیں خلیل الرحمٰن قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگتا ہے، کیوں کہ وہ غلط دعوے کرتے ہیں۔

اسی پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں سونیا حسین نے وزیر اعظم عمران خان کو نہ صرف اچھا کرکٹر بلکہ اچھا سیاستدان بھی قرار دیا اور انہیں 10 میں سے 10 نمبر ہی دے ڈالے۔

مزید پڑھیں: سونیا حسین ابھی اس قابل نہیں کہ میرا اسکرپٹ کرسکیں، خلیل الرحمٰن قمر

سونیا حسین نے عمران خان کے حوالے سے مزید کہا کہ وہ جو بھی بات کرتے ہیں، انہیں سچ سمجھنا چاہیے اور اس پر یقین کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں سونیا حسین نے دعویٰ کیا کہ جب عمران خان کی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے مارچ 1992 میں ورلڈ کپ جیتا تھا، تب وہ پیدا ہی نہیں ہوئی تھیں۔

پروگرام میں انہوں نے شیخ رشید کو تفریح فراہم کرنے والا سیاستدان بھی قرار دیا اور ساتھ ہی قائم علی شاہ کی تعریف بھی کی۔

سونیا حسین نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ کالج میں پڑھتی تھیں تب لڑکیوں کا پورا گروپ شعیب اختر کا مداح تھا اور سب کی سب لڑکیاں سوچتی تھیں کہ وہ اتنا بھاگ کر بالنگ کیوں کرتے ہیں؟

لباس کے دو جوڑوں میں پرورش ہوئی، آج کپڑوں کے برانڈ کی مالک ہوں، کومل عزیز

دو دہائیوں بعد جینیفر لوپیز اور بین ایفلک میں دوبارہ قربتیں بڑھنے لگیں

روحیل حیات کے بعد زلفی کوک اسٹوڈیو کا حصہ بن گئے