یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا، حسن علی ذاتی وجوہات کے سبب بقیہ پی ایس ایل سے باہر
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں برا دھچکا لگا ہے اور حسن علی لیگ کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ نے تصدیق کی ہے کہ مایہ ناز فاست باؤلر بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: منرو کی جارحانہ بیٹنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیے
فاسٹ باؤلر نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے تمام شائقین کو کہنا چاہتا ہوں کہ بدقسمتی سے کچھ ذاتی وجوہات کے سبب مجھے میں ایونٹ سے باہر ہونا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بھی زیادہ اہم ہوتی ہیں اور اہلخانہ سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، میں اس سلسلے میں مکمل تعاون پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا شکر گزار ہوں، یہ ٹیم صحیح معنوں میں ایک فیملی کی مانند ہے جو ہر سکھ دکھ میں آپ کے ستھ کھڑی رہتی ہے، میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
حسن علی اس سیزن یونائیٹڈ کے لیے سب سے اہم باؤلر تھے اور اب تک 6 میچوں میں 14 اوسط سے 10 وکٹیں لے چکے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے حسن علی کی غیرموجودگی کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنچائز اس مشکل صورتحال میں حسن علی کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کو سمجھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یقیناً حسن کی غیرموجودگی ٹیم اور ٹورنامنٹ کے لیے بڑا نقصان ہے لیکن کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر ہوتی ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ میں ہم ایک فیملی کی طرح ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کی مشکلات میں اضافہ، فہیم اشرف انجری کا شکار
یاد رہے کہ یہ گزشتہ چند دنوں کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے دوسری بری خبر ہے جہاں اس سے قبل وہ چند میچز کے لیے اسٹار آل راؤنڈر فہیم اشرف کی خدمات سے محروم ہو چکے ہیں۔
فہیم اشرف دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور ان کے ہاتھ میں ٹانکے آئے تھے جس کی وجہ سے یونائیٹڈ کو کم از کم تین میچوں میں ان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔