پاکستان

سعودی وزیر خارجہ کا پاکستانی ہم منصب کو فون، حج کے انعقاد میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال

شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ محمود قریشی کو عوامی مفاد میں حج سے متعلق کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، دفتر خارجہ
|

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے 2021 میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز کا تذکرہ کیا۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو حج سے متعلق انتظامات کے حوالے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: 'غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، جہاں فیصلے ویٹو نہیں ہوسکتے'

شاہ محمود قریشی نے ان فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد اور ریاض کے مابین دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات اچھے ہیں اور اچھے رہیں گے، وزیر خارجہ

دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ کامیاب دورہ ریاض کے مثبت نتائج پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں سرکاری نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق دونوں نے دونوں ممالک کی قیادت کے مابین مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کے باعث دونوں وزرائے خارجہ کے مابین راوبط کا سلسلہ تواتر سے جاری رہنے پر زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی سعودیہ سے عازمین حج کیلئے چینی ویکسین رجسٹرڈ کرنے کی درخواست

خیال رہے کہ اس سے قبل دونوں وزرائے خارجہ کی مئی 2021 میں دو مرتبہ ملاقات ہوئی تھی۔

پہلی ملاقات وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران جبکہ دوسری فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس کے موقع پر ہوئی تھی۔

'سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں، انتہا پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے'

تاریخی مہنگائی، بے روزگاری عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، بلاول

نفرت کی بنیاد پر قتل: کینیڈا میں مسلم خاندان سے اظہار یکجہتی کیلئے مارچ