کھیل

منرو کی جارحانہ بیٹنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کئی ریکارڈ پاش پاش کردیے

کولن منرو اور عثمان خواجہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کو 10 اوورز میں فتح دلا دی۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اپنی ٹیم کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فتح دلانے کے ساتھ ساتھ جارحانہ بیٹنگ کی بدولت کئی ریکارڈز پاش پاش کردیے۔

ابوظبی میں کھیلے گئے لیگ کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں ہی اپنی ٹیم کو فتح دلا کر ناصرف قیمتی پوائنٹس دلائے بلکہ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کر دیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کے اختتام سے 10 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر لیا اور اس طرح وہ پی ایس ایل میں یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

دونوں کھلاڑیوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت یونائیٹڈ نے ابتدائی چھ اوورز میں پاور پلے کا بھرپور استعمال کیا اور 97 رنز بنائے جو پی ایس ایل میں ریکارڈ ہے۔

مجموعی طور پر پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ ناٹنگھم شائر کے پاس ہے جنہوں نے 2017 میں ڈرہم کے خلاف 106 رنز اسکور کیے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل شکست 137 رنز کی شراکت قائم کی اور پی ایس ایل میں تیز ترین سنچری شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، دونوں نے سنچری بنانے کے لیے 38 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

اس سے قبل تیز ترین سنچری شراکت کا ریکارڈ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا اور 2017 میں سرفراز احمد اور کیون پیٹرسن نے محض 7.3 اوورز میں سنچری مکمل کی تھی۔

واضح رہے کہ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف میں رسائی کے امکانات تقریباً دوڑ چکے ہیں کیونکہ وہ 6 میں سے صرف ایک میچ جیت سکے ہیں۔

ڈومیسٹک ٹی20 لیگ میں شکیب الحسن آپے سے باہر، وکٹیں اکھاڑ کر پھینک دیں

بجٹ22-2021: سی پیک کے 17 منصوبے مکمل، مزید 21 زیر تکمیل

متھیرا اداکارہ ایمان علی کی حمایت میں سامنے آگئیں