پاکستان

پی آئی اے کا کورونا ویکسین لگوانے والوں کو کرائے میں رعایت دینے کا اعلان

50 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے رعایتی ٹکٹوں کا اعلان کورونا ویکسینیشن کے فروغ کےلیے کیا گیا ہے، پی آئی اے
|

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کردیا۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا ہے کہ 50 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ دکھانے پر کرائے میں 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔

پی آئی اے کے مطابق 50 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے رعایتی ٹکٹوں کا اعلان کورونا ویکسینیشن کے فروغ کےلیے کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ایک کروڑ کووِڈ ویکسینز لگانے میں کامیاب ہوگئے، اسد عمر

قومی ایئرلائن کے حکام کا کہنا تھا کہ کرائے کی مد میں 10 فیصد رعایت اندرون ملک پروازوں پر دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ سہولت صرف کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ دکھانے والوں کو حاصل ہوگی اور ٹکٹوں میں رعایت کا فیصلہ آج (10 جون) سے نافذ العمل ہوگیا ہے

خیال رہے کہ ان دنوں پاکستان میں 18 برس سے زائد عمر کے تمام افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے ملک میں ایک کروڑ ویکسینز لگانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دو دن کی کاروباری بندش ختم، دفاتر میں 100 فیصد حاضری کی اجازت

علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وسیع پیمانے پر ملک بھر میں 3 مراحل میں ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی جس میں تمام شہری رضاکارانہ طور پر ویکسینیشن کرائیں گے۔

تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے ویکسینیشن کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں تمام سرکاری ملازمین کی 30 جون تک ویکسینیشن کر لی جائے گی۔

علاوہ ازیں ویکسینیشن کے عمل کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے این سی او سی مختلف مراعات متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔

قومی اقتصادی سروے: معیشت کے استحکام کے بجائے اب نمو پر توجہ دینی ہے، وزیر خزانہ

سندھ میں میٹرک کے امتحانات 5 جولائی، بارھویں جماعت کے 26 جولائی سے ہوں گے

پی ایس ایل 2021: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے دی