کھیل

ساؤدھی کی عمدہ باؤلنگ کے باوجود لارڈز ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو میچ میں 165 رنز کی برتری حاصل ہے لیکن میچ ڈرا ہونے کا امکان ہے۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹم ساؤدھی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 165 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے لیکن بارش کے سبب ایک دن کا کھیل ضائع ہونے کی وجہ سے میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

لارڈز میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلا میچ کھیلنے والے ڈیون کونوے نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے ریکارڈ ساز ڈبل سنچری اسکور کی جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے۔

کونوی نے 200 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جبکہ ہنری نکولس نے 61 رنز کی باری کھیلی۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم محض 18 رنز پر ڈوم سبلی اور زیک کرالی کی اہم وکٹوں سے محروم ہو گئی، اس کے بعد رورے برنز کا ساتھ دینے کپتان جو روٹ آئے اور دونوں نے دوسرے دن کے اختتام تک مزید نقصان کے بغیر اسکور کو 111 تک پہنچا دیا۔

میچ کا تیسرا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا جس کی وجہ سے ایک دن کا کھیل ضائع ہو گیا۔

میچ کے چوتھے دن کے کھیل کے آغاز کے ساتھ ہی اسکور میں بغیر کسی اضافے کے بعد انگلش کپتان روٹ کی 42 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

رورے برنز نے اولی پوپ کے ساتھ اسکور 140 تک پہنچایا ہی تھا کہ اس موقع پر ساؤدھی نے تباہ کن اسپیل کرتے ہوئے 140 کے مجموعی پر تین انگلش بلے بازوں سبلی، ڈین لارنس اور جیمز بریسی کو چلتا کردیا۔

140 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد برنز کا ساتھ دینے اولی رابنسن آئے اور دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 63 رنز جوڑے جس کے بعد رابنسن 42 رنز بنا کر ساؤدھی کا پانچواں شکار بن گئے جبکہ 4 رنز کے اضافے مارک وڈ بھی پویلین لوٹ گئے۔

ٹیل اینڈرز کی آمد کے بعد رورے برنز نے خود زیادہ اسٹرائیک لینے کی ٹھانی اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ آخری وکٹ کے لیے جیمز اینڈرسن کے ساتھ 52 رنز بھی جوڑے۔

275 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 132 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤڈھی نے 6 وکٹیں حاصل کیں اور مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 103 رنز کی برتری حاصل کی۔

جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان 62 رنز بنائے تھے جبکہ کیویز کو میچ میں 165 رنز برتری حاصل ہے۔

میچ میں مہمان ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہونے کے باوجود سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا کے امکانات ہیں کیونکہ میچ میں اب صرف ایک دن کا کھیل باقی ہے۔