کورونا ویکسین لگوانے کے بعد کامیڈین ایاز سموں کی مزاحیہ پوسٹ
ن دنوں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔
عوام الناس کی طرح ملک کی معروف اور شوبز سے وابستہ شخصیات بھی ویکسین لگوارہی ہیں۔
اب پاکستانی کامیڈین اور اداکار ایاز سموں نے بھی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی ہے اور انہوں نے ویکسین سے متعلق افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے حوالے سے ایک پوسٹ بھی کی ہے۔
مزید پڑھیں: عدنان صدیقی نے کورونا ویکسین لگوالی
ایاز سموں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کورونا ویکسین لگواتے ہوئے تصویر بھی شیئر کی۔
انہوں نے ایک اور تصویر میں شیئر کی جس میں ایاز سموں کے ایک بازو پر چمچ چپکا ہوا ہے جبکہ اسی ہاتھ میں پکڑا ہوا ایک بلب بھی روشن ہے۔
کامیڈین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'جی! الیکٹرومیگنیٹک ویکسین لگوالی، چمچ بھی چپک رہا ہے اور بلب بھی جل رہا ہے'۔
اُنہوں نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ 'بہت مزہ آرہا ہے، دل گارڈن گارڈن ہوگیا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: ریما خان کورونا ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ
ایاز سموں نے مزید لکھا کہ 'مذاق کے علاوہ، ویکسین کے کوئی مضر اثرات نہیں، برائے مہربانی آپ بھی جلد از جلد کورونا ویکسین لگوائیں'۔
انہوں نے مداحوں کے لیے شیئر کیے گئے پیغام میں لکھا کہ 'پاکستان کو کورونا فری بنانا آپ کا قومی فریضہ بن چکا ہے، میں نے ذمہ داری ادا کردی، اگر آپ ہچکچارہے ہیں تو اب آپ کی باری ہے'۔
خیال رہے کہ مختلف شوبز شخصیات کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے کے بعد عوام کو ویکسین لگوانے کی تاکید کی جارہی ہے۔