سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فون 13 سیریز سابقہ ماڈلز سے کس حد تک منفرد ہوگی؟

آئی فون 13 منی میں 5.4 انچ، آئی فون 13 میں 6.1، آئی فون 13 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپپلے ہوسکتا ہے۔

آئی فون 13(یا کمپنی جو بھی اس کا نام رکھے گی) کی آمد میں ابھی 3 ماہ باقی ہیں یعنی ستمبر کے وسط میں اس سیریز کی ڈیوائسز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

تاہم نئے آئی فونز کے حوالے سے افواہوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک نئی رپورٹ کے مطابق آئی فون 13 سیریز میں اب تک کی طاقتور ترین بیٹریز دی جائیں گی۔

2020 کے آئی فونز کے مقابلے میں اس سال کی ڈیوائسز یعنی آئی فون منی میں 2406 ایم اے ایچ، آئی فون 13 اور 13 پرو میں 3095 جبکہ آئی فون 13 پرو میکس میں 4352 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔

خیال رہے کہ آئی فون 12 منی میں 2227 ایم اے ایچ، آئی فون 12 اور 12 پرو میں 2815 ایم اے ایچ جبکہ 12 پرو میکس میں 3687 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تی۔

یعنی آئی فون 13 پرو میکس کی بیٹری سابقہ ماڈل سے 18 فیصد زیادہ بڑی ہوگی جبکہ آئی فون 13 اور 13 پرو کی لگ بھگ 10 فیصد اور آئی فون 13 منی کی 8 فیصد بڑی بیٹری ہوگی۔

دوسری جانب ایک اور رپورٹ کے مطابق اس بار تمام آئی فون 13 ماڈلز میں لیڈار سسٹم موجود ہوگا۔

لیڈار ایک اسکینر ہے جو فاصلہ اور گہرائی کو جج کرنے کے لیے لیزر استعمال کرتا ہے جس سے تصاویر کا معیار بہترین ہوتا ہے۔

یہ سسٹم آئی فون 12 کے پرو ماڈلز میں تو تھا مگر منی اور اسٹینٖڈرڈ ماڈل میں نہیں، مگر اس سال یہ تمام آئی فونز میں ہوگا۔

اسی طر پرو ماڈلز میں ایک ٹی بی اسٹوریج دیئے جانے کا بھی امکان ہے اور پہلی بار کسی آئی فون میں اتنی زیادہ اسٹوریج دی جائے گی۔

آئی فون 13 منی میں 5.4 انچ، آئی فون 13 میں 6.1، آئی فون 13 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپپلے ہوسکتا ہے۔

اسی طرح آئی فون 13 کے پرو ماڈلز کمپنی کے اولین فونز بی ہوسکتے ہیں جن میں 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والا ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے۔

سام سنگ کی جانب سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ فراہم کرنے والی ایل ٹی پی او امولیڈ اسکرینز ایپل کو فراہم کی جائیں گی۔

یہ ڈسپلے اس سیریز کے مہنگے فونز یعنی آئی فون 13 پرو اور 13 پرو میکس میں دیا جائے گا۔

اینڈرائیڈ فونز میں تو 120 ہرٹز ریفریش ریٹ والے ڈسپلے کا استعمال اب کافی عام ہوچکا ہے مگر ایپل کی جانب سے پہلی بار کسی آئی فون کا حصہ 2021 میں بنایا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے کہا جارہا تھا کہ 120 ہرٹز ڈسپلے آئی فون 12 سیریز مٰں دیا جائے گا مگر کمپنی نے اس خیال کو ڈراپ کردیا۔

ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ اس سال کے آئی فونز کی قیمتیں گزشتہ سال کے ماڈلز جتنی ہی ہوگی اور چونکہ اس بار کوئی خاص اپ گریڈ نہیں کی جارہی تو قیمتیں کم بھی ہوسکتی ہیں۔

ڈیزائن کے لحاظ سے بھی یہ نئے آئی فونز گزشتہ سال کے ماڈلز سے ملتے جلتے ہوں گے۔

خیال رہے کہ آئی فون 13 سیریز کے ماڈلز کو ستمبر کے وسط میں متعارف کرایا جائے گا۔

آئی فون 13 میں سام سنگ کا تیار کردہ 120 ہرٹز ڈسپلے دیئے جانے کا امکان

نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان

2021 کی پہلی سہ ماہی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون کونسا رہا؟