این سی او سی رواں سال کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسینیشن کیلئے پُرعزم
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے رواں برس کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی کورونا ویکسی نیشن کی مہم مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا جب ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی شہری خلیجی ملک میں وائرس کی بھارتی قسم سے متاثر ہوا، این سی او سی
فیصلے کا مقصد کورونا وبا کے اثرات کو ختم کرنا ہے تاکہ کاروباری برادری کو سکون مل سکے اور ساتھ ہی وہ اپنی کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
علاوہ ازیں ہسپتال میں داخل مریضوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں ویکسی نیشن کے عمل میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف طبقات بھی ویکسی نیشن کے عمل میں شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تدریسی عملے کیلئے کووڈ ویکسین لازمی قرار
این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق بڑے پیمانے پر ویکسی نیشن مہم کی حکمت عملی 3 مقاصد کے گرد گھوم رہی ہے، جن میں مؤثر میڈیا پارٹنرشپ کے ذریعے عوام کی حوصلہ افزائی، ویکسی نیشن کے موجودہ انفرا اسٹرکچر کی صلاحیت کی تعمیر اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ذریعے ’پاک ویک‘ ویکسین کی بلاتعطل فراہمی شامل ہے، جس کا آغاز منگل کے روز ہوا ہے۔
این آئی ایچ نے چینی کمپنی کین سائنو کے کنسنٹریٹ سے ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں تیار کی ہیں اور اس کا مقصد ہر ماہ 30 لاکھ خوراکیں تیار کرنا ہے۔
این سی او سی نے رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ویکسین لگانے کی گنجائش کو بڑھانے کے لیے تمام وفاقی اکائیوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت ضروری مدد فراہم کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مہم میں قریبی اشتراک کے لیے وفاق کی اکائیوں سے کاروباری برادری، میڈیا، مذہبی اسکالرز اور دیگر محکموں سمیت نجی شعبے کو شامل کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: این سی او سی کی 24 مئی سے 'تعلیمی ادارے'، سیاحت کھولنے کی اجازت
این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر کی زیر صدارت دو خصوصی اجلاس ہوئے جس میں میڈیا ہاؤسز، چیمبر آف کامرس اور پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بعد ازاں اسد عمر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’آج پاکستان میں تمام چیمبرز کے ساتھ خصوصی این سی او سی سیشن منعقد کیا گیا، جس کے لیے میں کاروباری قیادت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے حکومت کو ویکسی نیشن مہم کو تیز کرنے اور قوم کی صحت کے تحفظ کے دوران معیشت کو کھولنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی‘۔