علیزے گبول کا جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف قانونی کارروائی پر اظہارِ مسرت
ماڈل و اداکارہ علیزے گبول نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر خواتین اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کو بدنام کرنے والے افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے پر وکیل حارث شہباز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
علیزے گبول نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ متعدد جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ان کی تصاویر اور دیگر معلومات کو غلط انداز میں پیش کرکے انہیں پریشان کیا جا رہا تھا، جن کے خلاف ان کے وکیل حارث شہباز نے قانونی چارہ جوئی کی۔
اداکارہ نے عدالت میں کامیاب قانونی چارہ جوئی کرنے پر حارث شہباز کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس دیگر خواتین کے لیے بھی ذہنی اذیت کا باعث تھے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ جعلی اکاؤنٹ بنا کر دوسرے لوگوں کی تصاویر اور ان سے متعلق غلط معلومات پھیلانا جرم ہے اور ایسا عمل دوسرے کی تضحیک اور ذہنی پریشانی کا باعث بھی ہے۔
علیزے گبول نے اسٹوریز میں لکھا کہ جعلی اکاؤنٹس سے دوسروں کے لیے غلط بیانی کرنے معصوم افراد کے لیے ذہنی اذیت کا باعث بنتی ہے اور خاص طور پر مذکورہ عمل خواتین کے لیے خطرناک ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام اسٹوریز میں عدالتی حکم نامے کی کاپی بھی شیئر کی، جس میں عدالت نے پولیس کو جعلی اکاؤنٹس بنا کر اداکاراؤں کو بدنام کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ علیزے گبول نے خاموشی سے دوسری شادی کرلی؟
علاوہ ازیں علیزے گبول نے دیگر شوبز شخصیات اور خواتین کی اسٹوریز بھی شیئر کیں، جن میں انہوں نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر اپنے وکیل حارث شہباز کا شکریہ ادا کیا تھا۔
وکیل حارث شہباز نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں عدالتی احکامات کی کاپی شیئر کی جب کہ انہوں نے ایک جعلی پیروڈی اکاؤنٹس کی جانب سے شیئر کی گئی اسٹوری بھی شیئر کی۔
عدالت نے جن جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا حکم دیا، ان میں سے ایک اکاؤنٹ نے انسٹاگرام اسٹوری میں واضح کیا کہ ان کا اکاؤنٹ مزاحیہ تھا، جس کا مقصد لوگوں کو تفریح فراہم کرنا تھا تاہم ساتھ ہی وضاحتی اسٹوری میں خواتین کے لیے نامناسب الفاظ بھی استعمال کیے گئے۔
مذکورہ اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی اسٹوری میں تصدیق کی گئی کہ وہ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے اکاؤنٹ بند کر رہے ہیں تاہم جلد ہی نئے نام سے دوبارہ آجائیں گے۔
مذکورہ اکاؤنٹ کی اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے حارث شہباز نے لکھا کہ کسی خاتون یا اداکارہ کو ’جسم فروش‘ لکھنا تفریح نہیں ہے۔