پاکستان

کویت کا پاکستانیوں کے ویزوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

کویت، میڈیکل اور تیل کے شعبوں میں پاکستانیوں کیلئے تکنیکی ویزے جاری کرے گا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ایک دہائی طویل معطلی کے بعد کویت نے پاکستانی خاندانوں اور تاجروں کو دوبارہ ویزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کویت کی حکومت نے یہ فیصلہ کویتی وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الصباح اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان کویت سٹی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔

مزید پڑھیں: کویت سے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، وزیر خارجہ

ملاقات کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کویت، میڈیکل اور تیل کے شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کے لیے تکنیکی ویزے جاری کرے گا۔

سرکاری دورے پر موجود وزیر داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ اپنے کویتی ہم منصب کے سپرد بھی کیا۔

اس اجلاس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی اور کاروباری ویزوں کی فوری بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس میں کہا گیا کہ معاہدے کے مطابق پاکستانی کارکن کویت کا ویزا بھی حاصل کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں کویت کے وزیر داخلہ تھامر علی صباح السلیم الصباح اور کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر نے بھی شرکت کی جہاں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، کویت کے مابین زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

خیال رہے کہ کویت نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر 2011 میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزا جاری کرنا بند کردیا تھا۔

تاہم اس دوران پاکستان نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کی بحالی کے لیے متعدد کوششیں کیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2017 میں کویت کے دورے کے دوران بھی استدعا کی اور پاکستانی شہریوں کے ویزے کی بحالی کی درخواست کی تھی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اب خلیجی ممالک میں آباد پاکستانی شہری بھی کویت جانے کے لیے آن لائن ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

اعلامیے میں کویت کے وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اب خلیجی ممالک میں آباد پاکستانی شہری بھی کویت جانے کے لیے آن لائن ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: 10 سال سے معطل کویت کے ویزے جلد بحال ہوجائیں گے، وزیر داخلہ

اعلامیے میں کویت کے وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے پر پھیلا ہے اور ممالک کے لوگ محبت اور اعتماد کی بنیاد پر تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے ویزا کی بحالی کے فیصلے کے بعد کویت میں پاکستانی شہریوں کے لیے روزگار کے بڑے مواقع میسر ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کویت کے ویزا پر پابندی سے پاکستانی خاندانوں اور کاروباری برادری کو بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ کویت کی پائیدار ترقی میں پاکستانی مزدوروں کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کاروباری ویزا پر پابندی ختم کرنے سے دونوں ممالک کے مابین تجارت میں بھی اضافہ ہوگا۔

پی ڈی ایم کے ایکش پلان پر عمل نہیں ہوگا تو ہماری واپسی کا فائدہ نہیں، بلاول

فائزر ویکسین کورونا کی بھارتی قسم کے خلاف کچھ کم مؤثر قرار

پاک-بھارت سیزفائر، تعلقات معمول پر لانے کی جانب پہلا قدم ہے، بھارتی آرمی چیف