جیف بیزوز جولائی میں ایمیزون کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑ دیں گے
آن لائن ریٹیل کمپنی ’ایمیزون‘ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) جیف بیزوز نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں برس جولائی میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
جیف بیزوز نے رواں برس فروری میں اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی سی ای او کا عہدہ چھوڑ دیں گے لیکن انہوں نے اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا۔
اب انہوں نے عہدے سے الگ ہونے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے اُمید کا اظہار کیا ہے کہ کمپنی کے نئی سی ای او اینڈی جیسی ادارے کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
’ورائٹی‘ میگزین کے مطابق جیف بیزوز نے 26 مئی کو ایمیزون کے شیئر ہولڈرز کی ہونے والی میٹنگ میں تصدیق کی کہ وہ 5 جولائی کو سی ای او کے عہدے سے الگ ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے 5 جولائی کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیوں کہ اسی تاریخ کو 27 سال قبل 1994 میں ایمیزون کو قانونی درجہ حاصل ہوا تھا۔
میٹنگ میں جیف بیزوز نے شیئر ہولڈرز کو کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا اور ساتھ ہی اس اُمید کا اظہار کیا کہ نئے سی ای او اینڈی جیسی کمپنی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
اگرچہ جیف بیزوز سی ای او کے عہدے سے الگ ہوجائیں گے لیکن وہ کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین یا بانی رہیں گے جب کہ وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جیف بیزوز ایمیزون کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی
ماہرین کا خیال ہے کہ سی ای او کے عہدے سے الگ ہونے کے باوجود جیف بیزوز کا ایمیزون کے معاملات میں انتہائی عمل دخل رہے گا۔
جیف بیزوز نے 1994 میں ایمیزون کی بنیاد اس وقت رکھی گئی تھی جب انہیں ایک مضمون سے علم ہوا کہ انٹرنیٹ کی توسیع ایک سال میں 2300 فیصد تک ہوئی۔
ابتدائی طور پر کمپنی نے کتابوں سمیت دوسری چیزیں آن لائن فروخت کرنا شروع کی تھی اور پہلے ہی مہینے میں اس کمپنی نے امریکا کی تمام پچاس ریاستوں اور 45 مختلف ممالک میں لوگوں کو کتابیں فروخت کیں جس کے بعد 15 مئی 1997 کو اس کے شیئرز عوام کے لیے پیش کیے گئے۔
تب سے اس کمپنی کے کاروبار میں اضافہ ہوا اور اس وقت ایمیزون دنیا کی سب سے بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی ہے جو دنیا کے درجنوں ممالک میں ہر طرح کی چیزیں فروخت کرتی ہے۔
ایمیزون نے کمپیوٹر، سافٹ ویئر، ویڈیو پروڈکشن، فلمز اور اسٹریمنگ ویب سائٹس کی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے اور حالیہ وقت میں یہ کمپنی سب سے زیادہ منافع کمانے والی آن لائن کمپنی بن چکی ہے۔
ایمیزون کی زیادہ کمائی کے باعث ہی جیف بیزوز گزشتہ کئی سال سے دنیا کے امیر ترین شخص بنے ہوئے اور ان کی دولت 200 ارب ڈالر کے قریب ہے۔