لائف اسٹائل

امریکا میں ’پاکستانی بچی کی عید‘ کے موضوع پر بنی فلم

فلم میں عید کے موقع پر ہجرت کرکے امریکا پہنچنے والے پاکستانی خاندان کی مشکلات کو دکھایا گیا ہے۔

اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس کی جانب سے امریکا میں پاکستانی لڑکی کی عید منانے اور عید کے موقع پر بھی اسکول جانے کے موضوع پر بنی مختصر فلم کی تعریفیں کی جارہی ہیں۔

مذکورہ فلم ڈزنی پلس کے دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے اور نوجوان فلم سازوں کی مختلف ثقافتوں، مسائل اور خطوں پر بنی مختصر فلموں کے منصوبے ’لاؤنچ پیڈ شارٹس‘ کا حصہ ہے۔

مذکورہ منصوبے کے تحت ڈزنی پلس نے دنیا بھر سے نوجوان فلم سازوں سے اچھوتی کہانیاں پیش کرنے کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں اور ویب سائٹ کو 1100 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

ڈزنی پلس نے بعد ازاں صرف 6 نوجوان فلم سازوں کو مختصر فلم بنانے کے لیے منتخب کیا تھا، جس میں ایک پاکستانی نژاد فلم بھی شامل تھی۔

ڈزنی پلس کے مذکورہ منصوبے کے تحت پاکستانی نژاد کویتی و امریکی فلم ساز اقصیٰ الطاف کو بھی اچھوتے موضوع پر فلم بنانے کا موقع دیا گیا، جنہوں نے پاکستان سے امریکا ہجرت کرجانے والی لڑکی کی امریکا میں پہلی عید کے موضوع پر فلم بنائی۔

’امیریکن عید‘ کے نام سے بنائی گئی مختصر فلم دراصل پاکستان سے امریکا ہجرت کرجانے والے نئے خاندان کی کہانی ہے، جس میں کم عمر لڑکی کو عید کے دن بھی اسکول جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں دکھایا گیا کہ امریکا میں عید کے موقع پر مسلمانوں کے لیے تعلیمی اداروں کی چھٹی ہے اور کس طرح کم عمر لڑکی اپنی بڑی بہن کی کوششوں سے مل کر یہ یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہیں کہ عید پر مسلمانوں کے لیے چھٹی ہو۔

فلم میں دکھایا گیا کہ کم عمر بچی کے والدین بھی امریکا میں نئے ہونے کی وجہ سے کئی معاملات کو سمجھ نہیں پاتے اور پھر بچی کو عید کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ عید والے دن اسکول جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، جس پر کم عمر لڑکی کافی مایوس اور نہ خوش دکھائی دیتی ہیں۔

فلم میں کم عمر لڑکی کا کردار ’امینا‘ ہے جب کہ ان کی بڑی بہن کا کردار ’زینب‘ ہے جو ان کی مدد کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

فلم کی کہانی اور ہدایات اقصیٰ الطاف نے دی ہیں، جو کویت میں پلی اور بڑھیں، بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئیں اور ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔

اقصیٰ الطاف مذکورہ فلم سے قبل بھی مختصر فلمیں بنا چکی ہیں اور ان کی فلموں کو کانز سمیت بافٹا اسٹوڈنٹ فلم فیسٹیول میں دکھایا جا چکا ہے اور وہ کانز لیونز 2019 میں ’ینگ ڈائریکٹر ایوارڈ‘ بھی جیت چکی ہیں۔

امریکا میں پاکستانی بچی کی عید کے موضوع پر بنی فلم ’امیریکن عید‘ سمیت دیگر بنائی گئی 6 ہی مختصر فلموں کو 28 مئی سے ڈزنی پلس پر دیکھا جا سکے گا۔

عائزہ خان کو ٹک ٹاک ویڈیو کے لیے بھارتی گانے پر پرفارمنس مہنگی پڑگئی

جرمن یوٹیوبر محبت بانٹنے پر زویا ناصر کے مشکور

ملک میں 16.4 فیصد گھرانوں کو غذائی عدم تحفظ کا سامنا