نبیلہ مقصود و نادیہ حسین کے درمیان میک اپ فارمولا چرانے پر تنازع
ملک کی دو بڑی بیوٹی آرٹسٹ اور میک اپ سیلونز نبیلہ مقصود اور نادیہ حسین کے درمیان میک اپ فارمولا چرانے پر تنازع سامنے آگیا۔
نبیلہ مقصود 'نبیلہ سیلون' کے نام سے بیوٹی و میک اپ برانڈ چلاتی ہیں جب کہ نادیہ حسین بلنگ نادیہ کے نام سے بیوٹی و میک اپ برانڈ چلاتی ہیں۔
دونوں کا شمار ملک کے اہم ترین بیوٹی برانڈز میں ہوتا ہے اور ان کی بعض بیوٹی و میک اپ سروسز تقریبا ایک جیسی ہی ہیں لیکن اب ان کے درمیان میک اپ فارمولا چرانے پر تنازع سامنے آیا ہے۔
اداکارہ، ماڈل و بیوٹی آرٹسٹ نادیہ حسین نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایسے پیغامات اور چیٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان پر نبیلہ مقصود میک اپ فارمولا چرانے کا الزام لگا رہی ہیں۔
نادیہ حسین نے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اور نبیلہ مقصود کے درمیان 2019 سے میک اپ کٹ کو متعارف کرائے جانے پر تنازع چل رہا تھا اور دونوں کے درمیان متعدد مرتبہ چیٹنگ ہوئی، جس دوران نبیلہ نے ان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا۔
نادیہ حسین نے بتایا کہ ان کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائی گئی میک اپ کٹ ’گو میک اپ پلیٹ‘ نبیلہ کے فارمولے کو چوری کرکے نہیں بنائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے کہ ان کی میک اپ کٹ بھی نبیلہ کی کٹ جیسی ہو لیکن یہ دعویٰ غلط ہے کہ انہوں نے نبیلہ کا فارمولا چوری کیا اور یہ کہ عالمی برانڈز بھی ایک دوسرے سے ملتی جلتی چیزیں متعارف کراتے ہیں۔
نادیہ حسین نے بتایا کہ انہوں نے نبیلہ کو بتایا کہ انہوں نے اپنی میک اپ کٹ کو رجسٹرڈ بھی نہیں کروایا تھا، تو وہ کس طرح دعویٰ کر رہی ہیں کہ میں نے ان کا فارمولا چرایا۔
یہ بھی پڑھیں: نئی لڑکیاں کہتی ہیں ’نادیہ‘ جیسی ماڈلز جان نہیں چھوڑ رہیں، نادیہ حسین
نادیہ حسین نے ایک مختصر ویڈیو میں نبیلہ مقصود سے 2019 سے اب تک ہونے والی چیٹ بھی شیئر کی اور بتایا کہ اب نبیلہ نے انہیں واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر بلاک کردیا ہے اور انہوں نے کوئی جھوٹے اسکرین شاٹ یا ویڈیوز نہیں بنائے۔
دوسری جانب نبیلہ مقصود نے بھی نبیلہ سیلون کی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کسی دوسرے برانڈ کو اپنا فارمولا چرانے کی اجازت نہیں دی۔
نبیلہ سیلون کی اسٹوری میں نادیہ حسین کا نام یا سیلون کا نام مینشن نہیں کیا گیا لیکن بتایا گیا کہ ان کی میک اپ کٹ جیسی دوسری کٹ مارکیٹ میں آ چکی ہے اور انہوں نے فارمولوں کو چرانے کی اجازت نہیں دی۔
نبیلہ سیلون کی پوسٹ کو فیشن بلاگر و صحافی ملیحہ رحمٰن نے اپنی انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا۔
نبیلہ سیلون کی جانب سے بتایا گیا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر 2015 میں ’نو میک اپ پلیٹ‘ کے نام سے میک اپ کٹ متعارف کرائی تھی، جس کا نام اب تبدیل کرکے ’زیرو میک اپ‘ کردیا گیا ہے۔
دونوں برانڈز کی جانب سے متعارف کرائی گئی میک اپ کٹس دراصل خواتین کو فوری طور پر چہرے پر میک اپ کرنے کی سہولیات فراہم کرتی ہیں۔
دونوں برانڈز کی میک اپ کٹس کو خصوصی طور پر ایسی خواتین کے لیے بنایا گیا، جو اچانک کسی میٹنگ، پارٹی یا تقریب میں جاتی ہیں اور انہیں میک اپ کی فکر رہتی ہے۔
دونوں برانڈز کے درمیان میک اپ فارمولے پر تنازع سامنے آنے کے بعد دونوں برانڈز کے صارفین اپنے اپنے برانڈز کو سپورٹ کر رہے ہیں لیکن بعض لوگوں کے مطابق بہت سارے برانڈز کی کئی مصنوعات ایک جیسی بھی ہوتی ہیں، اس لیے ان کا تنازع فضول ہے۔