پاکستان

پنجاب: کورونا کے مثبت کیسز میں کمی، گزشتہ روز شرح 4.4 فیصد ہوگئی، یاسمین راشد

یہ تاثر غلط ہے کہ ٹیسٹ کی تعداد کم کرنے کی وجہ سے کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے، صوبائی وزیر صحت پنجاب

صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جتنے لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہورہے ہیں اس سے کیے زیادہ صحتیاب ہو کر گھروں کو رخصت بھی ہورہے ہیں جبکہ کورونا کے مثبت کیسز میں کمی ہوئی ہے اور گزشتہ روز شرح 4.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 21 مئی کورونا وائرس کے 20 ہزار 272 ٹیسٹ کیے گئے۔

مزید پڑھیں: 'پنجاب میں کورونا وائرس کی مختلف اقسام موجود ہیں'

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 64 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

یاسمین راشد نے بتایا کہ عید سے قبل اور اس کی چھٹیوں میں لاک ڈاؤن اور ماسک پہننے پر سختی سے عمل کے نتیجے میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک ہزار کیسز سے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ قبل 4 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پہلی مرتبہ یومیہ 901 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یاسمین راشد نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ٹیسٹ کم کرنے کی وجہ سے کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے اور بتایا کہ بڑے پیمانے پر ٹیسٹ جاری ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ایسے اضلاع جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے، ان میں راجن پور، لیہ، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال، مظفر گڑھ، وہاڑی، خانیوال، چکوال، گجرات، ننکانہ صاحب، خوشاب، رحیم یار خان، لودھراں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی تیسری لہر: پنجاب کے 7 شہروں میں پیر سے دوبارہ 'لاک ڈاؤن' کا اعلان

یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں کورونا کی شرح کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ راولپنڈی میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح 3.5 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں کہیں ایس او پیز پر عملدرآمد ہوئے وہاں کیسز کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا کے مثبت کیسز میں کمی ہوئی ہے اور گزشتہ روز شرح 4.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ہمارے پاس 9 ہزار 522 وینٹیلیٹر بیڈز میں سے 502 پر مریض موجود ہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر زور دیا کہ ان اور آؤٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کو لاک ڈاؤن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیاحتی مراکز مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ 24 مئی سے کھول دیے جائیں گے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ریلوے 70 فیصد گنجائش پر چلائی جارہی ہے جبکہ 8 بجے کے بعد تمام کمرشل سرگرمیوں پر پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس پر مکمل پابندی اور انڈور گیمز بھی بند ہیں۔

وزیر صحت نے راولپنڈی میں طبی مراکز کی بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جتنی تعریف کی جائے کم ہے، وہاں سے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: تھکاوٹ اور ذہنی مسائل لانگ کووڈ کی عام علامات

یاسمین راشد نے کہا کہ اس وقت 2 ہزار 818 آکسیجن بیڈ ہیں ان میں ایک ہزار 804 خالی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ کورونا کا تمام اعلاج مفت ہے اگر کہیں کوئی علاج کے لیے پیسہ طلب کرتا ہے تو شکایت کریں۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ہزار انجکشن منگوائے ہیں جبکہ اگلے ماہ پنجاب کے لیے ویکسین کی علیحدہ پروکیورمنٹ کررہے ہیں۔

پنجاب میں وینٹیلیٹرز کے استعمال کی شرح میں نمایاں کمی

رواں مالی سال کے 10 ماہ میں اشیائے خورونوش کا درآمدی بل 53.93 فیصد بڑھ گیا

'وائٹ کالر جرائم': نیب کی 3 برس میں 4 کھرب 87 ارب روپے کی وصولی