پاکستان

جہانگیر ترین گروپ کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وزن ہے، فواد چوہدری

جس طرح گروپ کے اراکین نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے انہیں تحریک انصاف پر فخر ہے، وزیر اطلاعات

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’ناراض‘ رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل اراکین اسمبلی کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کے نقطہ نظر میں بھی بڑا وزن ہے۔

لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال کے ظہرانے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جس طرح جہانگیر ترین گروپ نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں تحریک انصاف پر فخر ہے۔

مزید پڑھیں: جہانگیر ترین کا معاملہ: وزیراعظم نے کہا ایف آئی اے پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، فواد چوہدری

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہی وہ بنیادی نقطہ ہے جس پر سب ایک جگہ جمع ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کبھی کسی مسئلے پر بات چیت ہوجاتی ہے تاہم بڑے معاملے میں تمام لوگ متفق ہیں کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور تحریک انصاف ہماری جماعت ہے۔

فواد چوہدری نے جہانگیر ترین کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ نہ تو جہانگیر ترین کو یہ توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ان کے لیے غیر قانونی سفارش کریں گے اور نہ ہی یہ عمران خان کا مزاج ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ علی ظفر پر مشتمل کمیٹی اس معاملے کی چھان بین کر رہی اور اس کی رپورٹ کا ہمیں اور جہانگیر ترین گروپ کو بھی انتظار ہے۔

مزید پڑھیں: ‎‘جہانگیر ترین بجٹ میں عمران خان کو ہی ووٹ دیں گے’

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اور اس گروپ کو بھی رپورٹ پر اعتبار ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وہ رپورٹ پارٹی کی ’داخلی لائن‘ طے کرے گی جبکہ جہانگیر ترین کے عدالتی معاملات پر کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ساتھ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس طرح ایک پارٹی کو کرنا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ذاتی یا اجتماعی مسائل پر بیٹھ کر بات کریں گے اور عمران خان کی قیادت میں ایک جگہ جمع ہیں۔

فواد چوہدری نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ چند روز سے حریف سیاسی جماعتیں بھنگڑے ڈال رہی ہیں کہ پی ٹی آئی میں اختلاف کی دراڑیں گہری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین نے 'الگ گروپ' بنانے سے متعلق میڈیا رپورٹس مسترد کردیں

انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہے اور اب تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جن کا کراچی سے لے کر خیبر تک ووٹ بینک ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی اندورن سندھ کی سیاسی جماعتیں ہیں۔

چند وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اظہار برہمی سے متعلق سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’مجھے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم‘۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے ان تمام میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا تھا جس میں 'جہانگیر ترین گروپ' تشکیل دینے کی بات کی گئی۔

لاہور میں بینکنگ جرائم کورٹ کے احاطے کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 'میں ان میڈیا رپورٹ کو مسترد کرتا ہوں اور واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے، ہیں اور انشااللہ رہیں گے'۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں تو ان کے فیصلوں پر آمادگی کا اظہار کریں، شاہ محمود

چند روز قبل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور جہانگیر ترین کی حمایت میں سب سے آگے رہنے والے راجا ریاض کو قومی اسمبلی میں گروپ کا پارلیمانی رہنما بنایا گیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سعید اکبر اس کی سربراہی کریں گے۔

یہ اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے منعقدہ ایک عشایے میں سامنے آیا تھا جہاں راجا ریاض کے مطابق مزید 4 اراکین قومی اسمبلی اور اتنے ہی ایم پی ایز نے گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

کیا بلاول بھٹو کو سیلفی لینی نہیں آتی؟

سندھ میں کورونا پابندیاں مزید 2 ہفتوں تک برقرار رکھنے کا فیصلہ

کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن