پاکستان

براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 32.5 فیصد کمی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ایف ڈی آئی میں کمی دیکھنے میں آئی۔

کراچی: رواں مالی سال کے 10 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 32 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں اپریل 2021 کے دوران سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.94 فیصد تک بڑھنے کی پیش گوئی

غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ملک پچھلے کئی برس سے جدوجہد کر رہا ہے لیکن تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق متعلقہ حلقوں کی کوششیں مثبت نتائج لانے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایف ڈی آئی کی مد میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں ایک ارب 53 کروڑ ڈالر ملے تھے، اس اعتبار سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 32.2 فیصد یعنی 74 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

غیر ملکی نجی سرمایہ کاری بشمول پورٹ فولیو ایک ارب 27 کروڑ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

رواں مالی سال کے 10 مہینوں کے دوران پورٹ فولیو میں سرمایہ کاری 28 کروڑ ڈالر رہی جو پچھلے سال اسی عرصے کے دوران 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔

کورونا وائرس کے اثر کی وجہ سے ایکویٹی مارکیٹ سے اخراج زیادہ ہوا کیونکہ سرمایہ کاروں نے ملک میں کام کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

چینی سرمایہ کاری میں کمی

تاہم رواں مالی سال کے دوران چند ممالک سے آنے والی سرمایہ کاری نمایاں رہی جبکہ مجموعی فیصد کے اعتبار سے بیجنگ کی جانب سے سرمایہ کاری سب سے زیادہ رہی۔

گزشتہ برس اسی سال کے 10 ماہ کے دوران چین کی جانب سے سرمایہ کاری 86 کروڑ 53 لاکھ ڈالر تھی جو رواں سال میں اسی مدت کے دوران کم ہو کر 70 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

تاہم جولائی تا اپریل کے عرصے میں ملک کو مجموعی طور پر ایف ڈی آئی میں سے 46 فیصد ایف ڈی آئی چین کی جانب سے موصول ہوئی۔

متحدہ عرب امارات سے ایف ڈی آئی میں اضافہ

پاکستان کا دوسرا سب سے بڑے تجارتی شراکت دار متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایف ڈی آئی کی مد میں رواں سال تیزی آئی اور اس میں 8 کروڑ 66 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا۔

پچھلے سال اسی عرصے کے دوران پاکستان سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا آؤٹ فلو ہوا تھا۔

نیدرلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ایف ڈی آئی بالترتیب 6 کروڑ 27 لاکھ اور 7 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہی۔

پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.94 فیصد تک بڑھنے کی پیش گوئی

ملک میں قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی

نئی ادائیگی کے تحت کے الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی کی منظوری