فلسطین کے حق میں شوبز شخصیات کی کراچی میں ریلی
اسرائیل کی جانب سے رواں ماہ 7 مئی سے فلسطینیوں پر جاری حملوں کے خلاف جہاں دنیا بھر میں مظاہرے اور ریلیاں ہو رہی ہیں۔
وہیں پاکستان میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں 20 مئی کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوبز و سیاسی شخصیات نے بھی ایک ریلی کا انعقاد کیا۔
کراچی پریس کلب کے سامنے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکالی گئی ریلی میں ماہرہ خان، عائشہ عمر، شہریار منور، حنا الطاف، فیصل قریشی، جبران ناصر اور فاروق ستار سمیت متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شوبز شخصیات نے فریئر ہال سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی جب کہ پریس کلب کے باہر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔
ریلی میں شامل شوبز شخصیات نے آزاد فلسطین کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعروں سے درج بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرے کے دوران آزاد فلسطین کے حوالے سے عربی زبان کے گانے بھی چلائے گئے جب کہ مظاہرے میں شوبز شخصیات کے رشتہ داروں اور دوستوں کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
شوبز شخصیات کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور تمام افراد نے آزاد فلسطین کے نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکا نے اقوام متحدہ اور دیگر طاقتور ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں پر ہونے مظالم کو روکیں اور آزاد فلسطین کی راہ ہموار کریں۔
مذکورہ ریلی سے قبل بھی شوبز شخصیات نے کراچی کے علاوہ لاہور میں بھی فلسطین کے حق میں ہونے والی ریلیوں میں شرکت کی تھی جب کہ سوشل میڈیا پر بھی تقریبا تمام شخصیات اسرائیلی مظالم کے خلاف متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔
شوبز شخصیات کے علاوہ سیاسی، سماجی شخصیات اور عام پاکستانی افراد بھی فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی حملوں کے خلاف گزشتہ ایک ہفتے سے ریلیوں اور مظاہروں کو جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر بھی اسرائیل مخالف مہم چلائی جا رہی ہے۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بیشتر اسلامی ممالک سمیت یورپ و امریکا میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔
اسرائیل کے حالیہ حملوں میں 7 مئی سے 20 مئی تک 65 بچوں اور 39 خواتین سمیت 230 فلسطینی جاں بحق اور ایک ہزار 700 سے زائد زخمی ہوچکے تھے۔
جب کہ اسرائیلی حملوں کے بعد حماس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 12 اسرائیلی ہلاک اور 336 زخمی ہوچکے تھے۔