کراچی: پکنک کے دوران نہاتے ہوئے دو بھائیوں سمیت 4 نوجوان ڈوب گئے
کراچی میں شدید گردی سے بچنے کے لیے مضافات میں پکنک کے دوران ندی میں نہاتے ہوئے دو سگے بھائیوں سمیت 4 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ منگھوپیر کے علاقے ہمدرد یونیورسٹی کے قریب پکنک پر آیا ہوا خاندان اس وقت صدمے کا شکار ہوا جب دو سگے بھائی شدید گرمی کے دوران ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: تالاب میں نہاتے ہوئے 2 بھائیوں سمیت 5 بچے ڈوب کر جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی کو تشویش ناک حالت میں نکال لیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
دونوں بھائیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن وہ دم توڑ گئے۔
جاں بحق بھائیوں کی شناخت احمد عزیز اور عبید کے نام سے ہوئی جبکہ ان کی والدہ کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسرا واقعہ حب ڈیم ریسٹ ہاؤس کے قریب پیش آیا جہاں دو نوجوان نہاتےہوئے ڈوب گئے اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 20 سالہ علی محمد اور 21 سالہ حسین شاہ کے نام سے ہوئی۔
گلستان جوہر میں جوڑے کا قتل
پولیس کا کہنا تھا کہ گلستان جوہر میں جوڑے کو مردہ حالت میں پایا گیا جنہیں گولیاں ماری گئی تھیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ حال ہی میں ایک جرائم پیشہ ملزم کو ان کے کرائےکے مکان میں مقابلے کے دوران مارا گیا تھا اور شبہ ہے کہ مذکورہ جرائم پیشہ ملزم کے ساتھی اس میں ملوث ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گولیوں سے چھلنی میاں بیوی کی لاشیں پرفیوم چوک کے قریب پیراڈائز ہائیٹس کے چھٹے فلور سے برآمد ہوئی تھیں۔
مزید پڑھیں: کراچی کے 2 نوجوان پکنک کے دوران سمندر میں ڈوب کر ہلاک
پولیس نے بتایا کہ مقتول جوڑے کی شناخت 30 سالہ جعفر حسین اور ان کی 38 سالہ اہلیہ فوزیہ مہر کے نام سے ہوئی اور دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردی گئیں۔
شارع فیصل تھانے کے ایس ایچ او افتخار احمد کا کہنا تھا کہ 19 مارچ کو ملزم وحید بخش عرب فوجی جلبانی اسی فلیٹ میں مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوا تھا۔
فائرنگ کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم سب انسپکٹر رحیم بخش کے قتل میں ملوث تھا اور بعد ازاں مقتول جوڑے کے خلاف سہولت کاری کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
پولیس کے مطابق انہیں عدالت نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔
علاقے کی حاصل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کی نقل و حرکت دیکھی جاسکتی ہے جو اسی فلیٹ میں رہتے تھے اور مقتول جوڑے سے واقف تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے کہ ہلاک ملزم وحید بخش کے ساتھیوں نے اس جوڑے کو پولیس کو معلومات دینے کے شبہے میں قتل کیا ہو۔