سمندری طوفان تاؤتے میں رقص کرنے پر بھارتی اداکاراؤں کو تنقید کا سامنا
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان تاؤتے کے پڑوسی ملک بھارت میں آنے سے جہاں 27 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ لاپتا ہوگئے، وہیں خطرناک طوفان میں رقص کرنے پر بھارتی اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سمندری طوفان تاؤتے 17 مئی کو بھارتی ریاست گجرات کے ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے بعد وہاں کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے۔
مذکورہ سمندری طوفان کا پاکستان سے بھی ٹکرانے کا خدشہ تھا، تاہم خوش قسمتی سے سمندری طوفان نے بھارت کا رخ کیا، جہاں تاؤتے نے تباہی مچادی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں سمندری طوفان سے 27 افراد ہلاک، 100 لاپتا
ایک طرف جہاں سمندری طوفان کی تباہی سے لوگوں کی زندگی چلی گئی اور درجنوں افراد لاپتا ہوگئے اور سیکڑوں مکانات تباہ ہوگئے، وہیں ایک ٹی وی اداکارہ کی جانب سے نیم عریاں لباس میں ڈانس کرنے کی ویڈیو بنانے اور تصاویر شیئر کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ٹی وی اداکارہ دپیکا سنگھ گویل نے تاؤتے طوفان کے بھارت سے ٹکرانے کے بعد ویڈیوز اور تصاویریں پوسٹ کیں تو انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
دپیکا سنگھ گویل نے نیم عریاں اور بولڈ انداز میں طوفان سے گرنے والے درختوں کے ساتھ تصاویر بنوااکر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جب کہ طوفان کی تباہی کے بعد کے مناظر میں رقص کی ویڈیو بھی شیئر کی۔
اداکارہ نے متعدد پوسٹس میں مداحوں کے لیے لکھا کہ ’آپ طوفان کو روک نہیں سکتے، اس لیے ایسی کوششیں کرنا چھوڑ دیں‘۔
مزید پڑھیں: سمندری طوفان: بھارت کی ساحلی ریاست سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی
اداکارہ نے لکھا کہ طوفان آنے کی صورت میں صرف خود کو پرسکون رکھا جا سکتا ہے، اس لیے ایسی حالت میں فطرت سے پیار کریں اور اداس مت ہوں، کیوں کہ طوفان ہر حال میں گزر جائے گا۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے بولڈ انداز میں جن درختوں کے ساتھ تصاویر بنوائی ہیں، وہ طوفان کے آنے سے تباہ ہوئے اور اب وہ درختوں سے لکڑیاں بن چکے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ طوفان تاؤتے کو یادگار بنانے کے لیے ہی انہوں نے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔
تاہم اداکارہ کو ایسی تصاویر شیئر کرنے اور ویڈیوز پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور لوگوں نے ان کی پوسٹس پر کمنٹس کیے کہ کیوں کہ تاحال وہ خود محفوظ اور سلامت ہیں، اس لیے طوفان میں ایسا کر رہی ہیں۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دپیکا سنگھ گویل کی بولڈ تصاویر اور ویڈیوز پر لوگوں نے انہیں سخت جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسی مصیبت میں ایسے انداز نہیں کرنے چاہئیں۔
اداکارہ کو مداحوں نے یاد دلایا کہ مذکورہ طوفان سے لوگ مر گئے اور گھر تباہ ہوگئے اور انہیں طوفان میں بولڈ ڈانس یاد آ رہا ہے۔
دپیکا سنگھ گویل کی طرح بولی وڈ اداکارا اہانا کمرا نے بھی سمندری طوفان آنے پر بولڈ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو موسم کا مزہ لینے کا مشورہ دیا۔
اہانا کمرا کو بھی تباہی مچانے والے طوفان میں بولڈ لباس میں تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں تاؤتے کی تباہ کاریاں یاد دلائی گئیں۔