کاروبار

پاکستان میں نئی ہونڈا سٹی متعارف کرانے کیلئے مزید تفصیلات سامنے آگئیں

نئی ہونڈا سٹی 5 ورژنز میں دستیاب ہوگی جس میں سے 2 میں 1200 سی سی انجن ہوگا جبکہ باقی 3 میں 1500 سی سی انجن دیا جائے گا۔

ہونڈا کی جانب سے سٹی کا نیا ماڈل جلد پاکستان میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس گاڑی کے بارے میں مئی کے شروع میں اٹلس ہونڈا پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹیزر پوسٹ کیا گیا جس پر لکھا تھا کہ انتظار ختم ہوا۔

اب کمپنی نے ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ نئی سٹی کی بکنگ اور دیگر تفصیلات کے لیے صارفین قریبی ہونڈا ڈیلر شپ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے تو واضح نہیں کیا گیا کہ 6 یا 7 جنریشن میں سے کونسی ہونڈا سٹی پاکستان میں پیش کی جارہی ہے اور کتنے ورژن میں دستیاب ہوگی۔

تاہم پاک وہیلز نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ 6 جنریشن سٹی کو پاکستان میں پیش کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطاب نئی ہونڈا سٹی 5 ورژنز میں دستیاب ہوگی جس میں سے 2 میں 1200 سی سی انجن ہوگا جبکہ باقی 3 میں 1500 سی سی انجن دیا جائے گا۔

1200 سی سی انجن 89 ہارس پاور جبکہ 1500 سی سی اننجن 118 ہارس پاور فراہم کرے گا۔

یہ ورژن سٹی 1.2 ایل مینوئل، سٹی 1.2 ایل سی وی ٹی، سٹی 1.5 ایل سی وی ٹی، سٹی ایسپائر 1.5 ایل ایم ٹی اور سٹی ایسپائر 1.5 ایل سی وی ٹی پر مشتمل ہوں گے۔

ہونڈا سٹی مارکیٹ میں ٹویوٹا یاریز، چینگن ون، پروٹون ساگا اور دیگر کو ٹکر دے گی۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال نئی ہونڈا سٹی کے ورژنز کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تاہم صارفین سٹی اسٹینڈرڈ ورژنز کو 10 لاکھ روپے جبکہ ایسپائر ورژنز کو 12 لاکھ روپے میں بک کراسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں 2009 سے 5 جنریشن ہونڈا سٹی فروخت کی جارہی ہے جبکہ عالمی سطح پر 7 جنریشن ماڈل دستیاب ہے۔

اس وقت پاکستان میں دستیاب ہونڈا سٹی کی قیمت 24 سے 27 لاکھ پاکستانی روپے کے درمیان ہے، نئے ماڈل کی قیمت یقیناً اس سے زیادہ ہوگی۔

پاکستان میں نئی ہونڈا سٹی گاڑی متعارف ہونے کے لیے تیار؟

ہونڈا کی پہلے سے زیادہ بہتر 11 جنریشن سوک متعارف

ملائیشین کمپنی کی سستی ترین سیڈان گاڑی ساگا پاکستان میں متعارف