اٹلی کے یہ خوبصورت قصبے آپ کو وہاں رہنے پر پیسے دینے کیلئے تیار
اٹلی کے اکثر قصبوں میں معمر آبادی کے اضافے کے بعد نئے خون کو وہاں بسانے کی خواہش پائی جاتی ہے۔
عام طور پر اس مقصد کے لیے دنیا بھر سے لوگوں کو ایک یورو میں خالی مکانات دینے کی پیشکش کی جاتی ہے، جس کا مقصد وہاں کی آبادیوں میں اضافہ کرنا ہے۔
اٹلی کے اکثر مقامات پر ہزاروں گھر خالی پڑے ہیں جو بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا حل اکثر مختلف قسم کی پرکشش آفرز کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے۔
مگر اس کے ساتھ مکان کی تزئین نو ایک مخصوص وقت میں کرنے کی شرط بھی عائد کی جاتی ہے۔
تاہم کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اب گھروں کو لگ بھگ مفت دینے کی بجائے وہاں گھر میں رہ کر کام کرنے والے ورکرز کو اپنی جانب کھینچنے کی منفرد اسکیم سامنے آئی ہے۔
درحقیقت کورونا کی وبا کے دوران گھروں میں کام کرنے کا رجحان عام ہوا ہے، یعنی دفتر کو کسی بھی جگہ جیسے کچن یا دنیا کے دوسرے حصے میں واقع قصبے میں بھی لے جایا جاسکتا ہے۔
اٹلی کے خطے تسکاننی کے قصبے سانتا فلورا اور روم کے قریب واقع خطے لاتزیو کے علاقے ریٹی (Rieti) میں ایسے ریموٹ ورکرز کو گھر کے کرائے کا کافی بڑا حصہ فراہم کیا جائے گا۔
بس ان کو وہاں طویل المعیاد بنیادوں پر قیام کرتے ہوئے اپنے دفتری امور گھر بیٹھے سرانجام دینا ہوں گے۔
ان علاقوں میں گھروں کے کرائے کچھ زیادہ نہیں تو یہ پیشکش کافی پرکشش ہے مگر یہ سمجھنے کی غلطی نہیں کریں کہ آپ تعطیلات منانے وہاں جارہے ہیں۔
وہاں جانے کے خواہشمند افراد کی ایک ملازمت ہونا ضروری ہے، چاہے وہ پورا دن لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر کام کرنا ہی کیوں نہ ہو۔