پاکستان

عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان وہ پہلی خاتون تھیں جو عام نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، رپورٹ
|

خان عبدالولی خان کی بیوہ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی۔

بیگم نسیم ولی خان کی نماز جنازہ چارسدہ ولی باغ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اے این پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد جنازے میں شریک ہوئی۔

بیگم نسیم ولی کو آبائی قبرستان ولی باغ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔

پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی البتہ نمازِ جنازہ چارسدہ میں شام 6 بجے ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اے این پی نے بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور صوبے میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں معطل اور پارٹی پرچم سرنگوں رہے گا۔

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ 'مور بی بی بیگم نسیم ولی خان سیاست میں مزاحمت کا استعارہ تھیں، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا بمشکل پورا ہوگا'۔

اظہارِ تعزیت

صدر مملکت عارف علوی نے اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا.

ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔

بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور خیبرپختونخوا سے عام نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

ٹوئٹر پیغام میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ خواتین کے اختیارات کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر تعزیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 'اللہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر دے'۔

اے این پی کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے بھی بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

سائیکلون 'تاؤتے' سے پاکستان کو کوئی سنگین خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

اسرائیل کی غزہ پربمباری جاری، اے پی، الجزیرہ سمیت میڈیا کے دفاتر بھی تباہ

بھارت میں تین ہفتے بعد کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی