پاکستان

وزیراعظم کا فلسطینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ، فلسطینیوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ

دونوں ممالک کے رہنماؤں نے گفتگو کے دوران فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور فلسطینی صدر محمود عباسی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیراعظم کی جانب سے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان نے صدر محمود عباس سے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مسجد اقصیٰ میں بے گناہ نمازیوں پر حملوں اور غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم نے فلسطینی صدر کو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی اس طرح کی خلاف ورزیوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں پاکستان کی کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے اس بحرانی صورتحال کے دوران پاکستان کی قیادت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں وسیع پیمانے پر جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں، اقوام متحدہ

اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس نے پاکستان کی حمایت کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی قیادت کے ردعمل اور ان کے بیانات کی تعریف کی جنہوں نے غزہ اور مسجد اقصی میں اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا اور آئندہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے جاری صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔

صدر مملکت کا فلسطینی صدر کو خط

دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے فلسطینی صدر محمود عباس کو خط لکھ کر قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر پرتشدد حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اِنسانی اقدار کے خلاف ہیں۔

خط میں صدر مملکت نے حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

انہوں نے خط میں کہا کہ معصوم بچوں اور فلسطینیوں کے قتل پر آپ کے پاکستانی بہن بھائی آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی تشدد اور غیر قانونی اقدامات کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے خلاف ہیں، ہم فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ فلسطین کے حقوق کے لیے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: عیدالفطر پر بھی اسرائیل کے غزہ میں حملے، 17 بچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 83 تک پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور ایک آزاد، پائیدار اور جغرافیائی طور پر مستحکم فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحد اور القدس شریف بطور فلسطینی دارالحکومت کا حامی ہے۔

صدر مملکت نے خط میں فلسطینی صدر اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

‘اگر افغانستان میں امن قائم نہ ہوا تو پاکستان متاثر ہوگا’

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی اداکارہ زخمی

عیدالفطر پر بھی اسرائیل کے غزہ میں حملے، 24 بچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 103 تک پہنچ گئی