دنیا

کووڈ-19: سعودی عرب کا سخت ہدایات کے تحت حج کے انعقاد کا اعلان

سعودی ریاست زائرین کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنائے گی اور انہیں اپنا مذہبی فریضہ پورا کرنے کا اہل بنائے گی۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی اس سال کے حج کے سفر کے لیے عملی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزارت کا کہنا تھا کہ تفصیلات کووڈ 19 صحت کے کنٹرول اور معیار کے مطابق طے کی جائیں گی۔

وزارت حج اور عمرہ نے کہا کہ یہ ریاست حجاج کرام کی صحت اور تحفظ کو یقینی اور انہیں 'آسانی سے اور محفوظ ماحول میں' اپنا فریضہ ادا کرنے کے اہل بنائے گی۔

مزید پڑھیں: رواں سال عازمینِ حج کیلئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار

یہ اعلان 'ریاست کی مستقل خواہش پر مبنی ہے کہ وہ مسجد حرم اور مسجد نبوی کے مہمانوں اور زائرین کو حج اور عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے قابل بنائے'۔

وزارت نے کہا کہ سعودی محکمہ صحت کے حکام حالات کا جائزہ لینے اور انسانی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ حج کے دوران عام طور پر 25 لاکھ سے زائد مسلمان مقدس شہر مکہ مکرمہ کا سفر کرتے ہیں۔

تاہم گزشتہ سال جدید ترین تاریخ میں پہلی مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے صرف ایک ہزار حجاج کو اس میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی تھی۔

کورونا وائرس کی وجہ سے سرحدیں بند ہونے کے باعث صرف سعودی عرب میں موجود لوگ ہی اس میں شرکت کرسکے تھے۔

چند روز قبل میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے مسلسل دوسرے سال بھی حج کے سلسلے میں غیرملکی زائرین کی آمد پر پابندی عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلسل دوسرے سال بھی غیرملکی عازمین حج پر پابندی لگانے پر غور

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس معاملے سے باخبر دو ذرائع نے بتایا کہ پابندی کے حوالے سے مشاورت ہو چکی ہے لیکن اس پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں سال فروری میں سعودی حکومت نے نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارت کاروں، سعودی شہریوں، طبی ماہرین اور ان کے اہل خانہ کے سوا 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

یہ پابندی اب بھی برقرار ہے اور جن ممالک کے عوام پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، برطانیہ، جنوبی افریقہ، فرانس، مصر، لبنان، ہندوستان اور پاکستان شامل ہیں۔

وزیراعظم کی فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

صادق خان دوسری مدت کیلئے لندن کے میئر منتخب

پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادار کرسکتے ہیں، سعودی وزیر خارجہ