شوبز شخصیات کی فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
اسرائیلی فوج کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد پر حملے اور تشدد کی جہاں امریکا سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے مذمت کی ہے، وہیں پاکستانی و عالمی شوبز شخصیات نے بھی صہیونی فوج کے تشدد پر اپنے غم و غصّے کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے موقع پر صہیونی فوج اور فلسطینی افراد کے درمیان کشیدگی ہوئی اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں سے کم از کم 205 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بظاہر مذکورہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے یروشلم میں اپنی غیر قانونی آبادکاریوں سے فلسطینی افراد کو زبردستی نکالنا شروع کیا۔
اسرائیلی فوج نے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد کو زبردستی ان کے گھروں سے نکالنا شروع کیا، جب کہ اس سے قبل ہی ماہ رمضان کے آغاز سے ہی یروشلم میں کشیدگی شروع ہوگئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دوران عبادت فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کا وحشیانہ تشدد
اسرائیلی فوج نے 7 مئی کے بعد 8 مئی کو بھی فلسطینی افراد پر ربڑ کی گولیوں، ہینڈ گرینیڈ اور اسٹیل کی گولیوں سے حملے کیے، جن سے اب تک مجموعی طور پر 250 کے قریب افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز اور تصاویر میں اسرائیلی فوج کو اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد الاقصیٰ کے اندر بھی جاکر نمازیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں صہیونی فوج کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان کی بہن جی جی حدید سمیت ان کے تمام اہل خانہ اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ فلسطینیوں پر ہونے والے تشدد پر دکھی اور آبدیدہ ہیں۔
انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ بطور انسان وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینوں پر کیے جانے والے حملے کے وقت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔