عیدالفطر سے قبل پاکستان میں 'لاک ڈاؤن'
کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کی وجہ سے ملک کی تمام مارکیٹیں اور بازار بند ہیں اور سڑکیں بھی ویران ہیں۔
نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی سفارش اور وزیراعظم عمران خان کی اجازت کے بعد رواں برس عیدالفطر سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کی پابندیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے وفاقی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں 10 مئی سے 15 مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔
تاہم اتوار کو پہلے سے نافذ ہفتہ وار پابندیوں کی وجہ سے ملک کی تمام مارکیٹیں اور بازار بند ہیں اور سڑکیں بھی ویران ہیں، اس دوران چاند رات بازاروں بشمول مہندی، جیولری، کپڑوں اور دیگر اشیا کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
16 مئی تک مقامی اور غیر مقامی افراد کے لیے سیاحت پر مکمل پابندی عائد ہے جبکہ سیاحتی مقامات پر ریزورٹس، تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس وغیرہ بند رہیں گے۔