لائف اسٹائل

سلمان خان کی مسلسل دوسرے سال بھی 25 ہزار فلم ورکرز کی مدد

دبنگ ہیرو نے گزشتہ سال بھی 25 ہزار ورکرز کی مالی معاونت کی تھی، انہوں نے فلم کی کمائی بھی کورونا کےلیے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بھارتی فلم انڈسٹری میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کا اعلان کردیا۔

سلمان خان نے مارچ 2020 میں بھی پہلی بار بھارت میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے دوران 25 ہزار ملازمین کی مدد کی تھی۔

سلمان خان نے 2020 میں بھی فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سائن امپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی سی) کی مدد سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کی تھی۔

اسی طرح رواں برس بھی عید الفطر اور بھارت میں کورونا کی دوسری بدترین لہر کے دوران فلم انڈسٹری کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کا اعلان کردیا۔

انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سائن امپلائیز (ایف ڈبلیو آئی سی سی) کے صدر بی این تواری نے تصدیق کی کہ دبنگ ہیرو کے منیجر نے ان سے ملازمین کی مدد کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سلمان خان اس سال بھی فلم انڈسٹری میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے 25 ہزار ملازمین کی مالی مدد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کا فلم انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کی مدد کا اعلان

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سلمان خان نے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈین سائن امپلائیز سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس مانگ لیے ہیں تاکہ جلد سے جلد ان ملازمین کو رقم منتقل کی جائے۔

سلمان خان انڈسٹری کے 25 ہزار ملازمین کو فی کس 1500 بھارتی روپے ادا کریں گے جو ہر مزدور کی تقریبا تین دن کی دہاڑی کے برابر ہوگی۔

یہی نہیں بلکہ سلمان خان نے اس سال عید الفطر پر ریلیز کے لیے تیار اپنی فلم 'رادھے' کی نصف کمائی بھی کورونا کے متاثرین میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق سلمان خان اور 'رادھے' کی مشترکہ پروڈکشن کمپنی زی انٹرٹینمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ فلم کی کمائی میں سے نصف حصہ ملک میں آکسیجن کی قلت پوری کرنے اور میڈیل آلات فراہم کرنے کرنے کے لیے عطیہ کی جائے گی۔

سلمان خان اور پروڈکشن کمپنی (گو انڈیا) نامی کورونا ریلیف فنڈ میں رقم جمع کرائیں گے اور ان کی عطیہ کردہ رقم سے نہ صرف آکسیجن اور طبی آلات بلکہ فرنٹ لائن ورکرز کے لیے حفاظتی لباس بھی خریدے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی دوسری بدترین لہر کے باوجود سلمان خان کی فلم 'رادھے' کو عیدالفطر کے موقع پر 13 مئی کو مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کرنے سمیت مخصوص سینما ہالز میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

شرمین عبید چنائے کی خواتین صحافیوں پر بنی دستاویزی فلم ریلیز

اذان سمیع خان کے پہلے ایلبم کے دوسرے گانے کی جھلک جاری

شلپا شیٹھی کے اہلخانہ کورونا وائرس کا شکار