پاکستان

سعودی عرب کی امن کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی

آرمی چیف نے ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات میں عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، رپورٹ
|

اسلام آباد: سعودی عرب نے علاقائی امن و استحکام کے لیے کوششوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ یقین دہانی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) جنرل فیاض بن حمد الرویلی نے کرائی۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت سعودی عرب کے 4 روزہ دورے پر ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ سے وزیر اعظم عمران خان بھی سرکاری دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 'سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے علاقائی تعاون، امن اور استحکام کو بہتر بنانے کے لیے سلطنت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی'۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں کمانڈرز نے علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمول افغان امن عمل اور دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دوطرفہ فوجی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ اس سے علاقائی امن و سلامتی پر مثبت اثر پڑے گا۔

قبل ازیں 29 اپریل کو ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ مئی کے شروع میں وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں ان کی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات ہوئی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ کے خاتمے اور تعلقات کی بحالی کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: چیف آف آرمی اسٹاف 16 اگست کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے

سعودی وزارت دفاع نے ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل فیاض بن حماد الرویلی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

بعد ازاں سعودی ہم منصب اور سعودی عرب کے کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (اسٹاف) فہد بن ترکی السعود سے آرمی چیف اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد نے ملاقات کی اور انہیں سعودی وزارت دفاع میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔

ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ اور میجر جنرل فیاض بن حماد نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعاون کی نئی جہتوں اور انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

بھارت میں پھنسے آسٹریلوی کرکٹرز کو منتقل کرنے کا منصوبہ تیار

کووڈ ویکسین اسپرم پر منفی اثرات مرتب نہیں کرتی، تحقیق

'اینٹی ریپ آرڈیننس' پر مؤثر عملدرآمد کیلئے نادرا، این آئی ٹی بی سے تعاون لینے کا فیصلہ