صحت

روزانہ اس غذا کی کچھ مقدار کا استعمال امراض قلب سے بچائے

نائٹریٹ سے بھرپور سبزیوں کی کچھ مقدار کا روزانہ استعمال امراض لب کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتا ہے۔

نائٹریٹ سے بھرپور سبزیوں کی کچھ مقدار کا روزانہ استعمال امراض لب کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتا ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ایڈتھ کووان یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ جو لوگ نائٹریٹ سے بھرپور سبزیوں جیسے سبز پتوں والی سبزیوں اور چقندر کی زیادہ مقدار غذا کا حصہ بناتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر کس حد تک کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی تجزیہ کیا گیا کہ ان افراد میں برسوں بعد امراض قلب کا خطرہ کتنا ہوتا ہے۔

دل کی شریانوں سے جڑے امراض دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔

تحقیق کے دوران ڈنمارک کے رہائشی 50 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا جو 23 سالہ غذائی، کینسر اور صحت تحقیق کا حصہ بنے تھے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ نائٹریٹ سے بھرپور سبزیوں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں بلڈ پریشر کی سطح 2.5 ایم ایم ایچ جی کم ہوتی ہے جبکہ امراض قلب کا خطرہ 12 سے 26 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے کہا کہ ایسی غذاؤں کی شناخت ضروری ہے جو امراض قلب کی روک تھام کرسکتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ روزانہ ایک کپ نائٹریٹ سے بھرپور سبزیوں کو کھانے سے لوگ دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی غذا سے امراض قلب کی اس قسم کا خطرہ 26 فیصد تک کم ہوجاتا ہے جس سے ٹانگوں میں خون کی شریانیں سکڑ جاتی ہیں، جبکہ ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیلیئر جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

تاہم ایک کپ سے زیادہ مقدار سے کوئی اضافی فائدہ نہیں ہوتا جبکہ نائٹریٹ سپلیمنٹس بھی اس حوالے سے سبزیوں جتنے مفید نہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے یورپین جرنل آف ایپیڈیمولوجی میں شائع ہوئے۔

مسلز مضبوط بنانے والی اس غذا کا استعمال عادت بنالیں

امراض قلب اور فالج کا خطرہ بڑھانے والی عام غذائیں

کمر کا حجم اور امراض قلب کے خطرے میں تعلق دریافت