سعودی عرب میں پاکستانیوں کی شکایات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
وزیراعظم انسپیکشن کمیشن (پی ایم آئی سی) کے چیئرمین احمد یار ہیرج نے سعودی عرب کے سفارتخانے میں سمندر پار پاکستانیوں کو متعدد سہولیات فراہم کرنے میں ناکامی پر تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹیم کی سربراہی پی ایم آئی سی کے رکن سید عاکف کریں گے اور اس میں وزارت خارجہ، داخلہ اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے سینئر افسران بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی شکایات کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا جس کے بعد یہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں تعینات سفیر، 6 اہلکار عوامی شکایات پر وطن واپس طلب
پی ایم آئی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ٹیم دیگر معاملات کے علاوہ جن معاملات کی تحقیقات کرے گی ان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مختلف خدمات کی فراہمی میں نااہلی، تارکین وطن اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھتہ خوری کرنا، بہانے بہانے سے تاخیر کرنا، نتیجے میں ملک بدری کرنا شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کمیٹی موجودہ شکایت کے حل کے طریقہ کار کی جانچ، پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ناکامی کا بھی جائزہ لے گی۔
اس کے ساتھ کمیٹی خدمات کی فراہمی کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کا معائنہ کرے گی کہ کیا یہ ایس او پیز ریلیف فراہم کررہے ہیں یا خدمات کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن اور سمندر پار پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
مزید پڑھیں: مزدوروں سے رقم لینے کا معاملہ: 'سعودیہ میں پاکستانی سفیر کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے
پی ایم آئی سی نے تمام سمندر پار پاکستانیوں کو بالخصوص وہ جو سعودی عرب میں ہیں اور مسائل کے بارے میں کچھ معلومات رکھتے ہیں انہیں اسلام آباد میں وزیراعظم کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم آئی سی، افتخار احمد سے 5 مئی تک ای میل، ڈاک یا واٹس ایپ کے ذریعے کالز اور مسیج کرنے کی دعوت دی ہے۔
کمیشن نے رابطے کے لیے +923202546382 نمبر اور complaints.ops@gmail.com ای میل ایڈریس فراہم کیا ہے۔
یہ خبر 2 مئی 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔