شوبز کے بعد احسن خان کی ملبوسات کے برانڈ میں انٹری
پاکستان کے مقبول اداکار احسن خان ان دنوں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں، انہوں نے اب ملبوسات کا برانڈ متعارف کرانے جارہے ہیں۔
احسن خان نے رمضان المبارک میں ہی اپنے برانڈ کو لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر وہ چند دوستوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔
اور اسی لیے وہ اس بار رمضان ٹرانسمیشن میں بھی اپنے ہی برانڈ 'احسن خان مارکا' کے تیار کردہ لباس پہن رہے۔
اس حوالے سے احسن خان نے بتایا کہ ' میں چاہتا تھا کہ لوگ میرے شو کے ذریعے برانڈ سے آگاہ ہوجائیں اور اس کے بعد میں ایک بڑے مال میں اس کی نمائش کے ساتھ لانچ کرانے کا ارادہ رکھتا تھا'۔
مزید پڑھیں: عائشہ عمر نے بھی بیوٹی برانڈ متعارف کرادیا
احسن خان نے مزید کہا کہ 'پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے میں نے فیصلہ کیا کہ چونکہ مال میں معروف شخصیات کے نمائش اب غیر ذمہ دارانہ اقدام ہوگا لہذا ہم صرف برانڈ کی ویب سائٹ لانچ کرنے جارہے ہیں'۔
اس نئے برانڈ میں مردوں، خواتین اور بچوں کے روایتی لباس پر توجہ مرکوز کی جائے گی، اور عام دنوں سمیت تقاریب کی مناسبت سے بھی ڈریسز دستیاب ہوں گے۔
احسن خان اپنے برانڈ کو عید سے چند ہفتے قبل متعارف کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ اس دوران پورے پاکستان کی توجہ روایتی ملبوسات کی خریداری پر مرکوز ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ سال قبل لاہور میں ایک کلاتھنگ ریٹیل کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ بنا تھا لیکن اس کے بعد میں کراچی شفٹ ہوگیا اور برانڈ کو متعارف کروانے کے تمام ارادے التوا کا شکار ہوگئے۔
احسن خان نے بتایا کہ انہوں نے یہ برانڈ اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر شروع کیا ہے، ان کے پاس ڈیزائنر موجود ہے اور کپڑوں کی زیادہ تر تیاری فیصل آباد میں ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس برانڈ کی رسائی عام لوگوں تک ہو کہ اس کے ڈیزائنز اور قیمتیں مناسب ہوں۔
احسن خان نے کہا کہ وہ 'احسن خان مارکا' کو ایسے لیبل میں تبدیل کرنے کے لیے پرامید ہیں کہ جہاں مرد و خواتین کے لیے کپڑوں کے علاوہ دیگر مصنوعات بھی دستیاب ہوں
یہ بھی پڑھیں: مولانا طارق جمیل نے کراچی میں 'ایم ٹی جے' اسٹور کا افتتاح کردیا
اداکار کا کہنا تھا کہ ' یہ ایک طویل المدتی منصوبہ ہے، ابھی تیاری کا عمل جاری ہے اور ویب سائٹ جلد شروع کی جائے گی'۔
احسن خان کے برانڈ کے پہلے ٹیزر میں ایک خاندان کو ساتھ بیٹھے دکھایا گیا اور ساتھ ہی خواتین کے ملبوسات کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ان سے قبل دیگر اداکار بھی اپنے بیوٹی و ملبوسات کے برانڈز متعارف کراچکے ہیں۔
پاکستان بھر اور بیرون ملک میں جے ڈاٹ (جنید جمشید ) کے اسٹورز موجود ہیں جبکہ عامر لیاقت نے بھی کپڑوں کا برانڈ متعارف کرایا تھا۔
حال ہی میں مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے ملبوسات کا برانڈ متعارف کرایا ہے اور 2 روز قبل کراچی میں طارق روڈ پر ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح بھی کیا گیا تھا۔