پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ ویکسینز سے کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے کیونکہ ویکسین استعمال کرنے والے افراد سے وائرس کا دیگر تک پھیلنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فائزر/بائیو این ٹیک یا ایسٹرازینیکا ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرنے کے 3 ہفتے بعد کوئی فرد کورونا سے متاثر ہوتا ہے تو اس سے یہ بیماری گھر کے اندر دیگر تک منتقل ہونے کا خطرہ 38 سے 49 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر عمر کے افراد میں تحفظ کی شرح ویکسینیشن کے 14 دن بعد لگ بھگ یکساں ہوتی ہے۔
محققین کی جانب سے اب یہ جانچ پڑتال کی جائے گی کہ ویکسین کی 2 خوراکوں سے وائرس کو آگے پھیلانے کا خطرہ کس حد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ عوامی مقامات پر بھی اس خطرے کی شرح کو دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گھروں کی طرح عوامی مقامات پر بھی وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی کے نتائج کی توقع ہے۔
اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے۔
اس میں 57 ہزار افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ان 24 ہزار گھرانوں میں شامل تھے جن کے کم از کم ایک فرد کو ویکسین استعمال کرائی جاچکی ہے۔
اس گروپ کے نتائج کا موازنہ 10 لاکھ کے قریب ایسے افراد سے کیا گیا جن کو ویکسین اب تک فراہم نہیں کی جاسکی۔
اس تحقیق میں شامل زیادہ تر افراد کی عمریں 60 سال سے کم تھیں۔
محققین کے کہنا تھا کہ نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں مگر یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ ویکسنیشن کے باوجود لوگوں کو احتیاطی تدابیر یعنی ہاتھوں کی اچھی صفائی اور سماجی دوری کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔