پاکستان

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقوم ایک ارب ڈالر کی سطح عبور کرگئیں

گزشتہ برس ستمبر میں اجرا کے بعد سے آر ڈی اے کے ذریعے رقوم کی آمد میں ہر ماہ تیزی آئی ہے، رپورٹ

کراچی: روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کے ذریعے آنے والا غیر ملکی زرِ مبادلہ ایک ارب ڈالر کی سطح عبور کرگیا ہے جس سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایسی مزید پر کشش مصنوعات تیار کرنے کے لیے گنجائش پیدا ہوئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک ٹوئٹر پیغام میں اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ 'آر ڈی اے کے ذریعے آنے والے فنڈز کا بہاؤ صرف 7 ماہ میں ایک ارب ڈالر کی سطح عبور کر گیا ہے'۔

ساتھ ہی مرکزی بینک کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اقدام کے لیے سمندر پار پاکستانیوں کے غیر معمولی ردِ عمل پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک تقریب کی تیاری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 6 ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی رقم 80 کروڑ ڈالر سے متجاوز

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک میں غیر ملکی زرِ مبادلہ کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں معاونت کرنے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سمندر پار پاکستانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ الحمدللہ آر ڈی اے سے موصول شدہ رقوم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگئیں، اس ولولہ انگیز پذیرائی پر میں اپنے سمندر پار پاکستانیوں کا شکر گزار اور قلیل سی مدت میں ایسا غیر معمولی سنگِ میل عبور کرنے پر مرکزی بینک سمیت تمام بینکوں کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

گزشتہ برس ستمبر میں اجرا کے بعد سے آر ڈی اے کے ذریعے رقوم کی آمد میں ہر ماہ تیزی آئی ہے اور مزید بینکس اس اسکیم کا حصہ بن رہے ہیں، بینکنگ ذرائع کے مطابق اب تک 20 بینکس آر ڈی اے کا حصہ بن چکے ہیں اور اس کی کامیابی کے لیے کوشاں ہیں۔

مالیاتی شعبے کا ماننا ہے کہ آر ڈی اے سے رقوم کی آمد میں اضافہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار ہے، جیسا کہ ملک اپنے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کرنے میں کامیاب رہا۔

مزید 2 اسکیمز

مالیاتی شعبے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کو متوجہ کرنے کے لیے مزید 2 اسکیمز کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس اسکیم کے تحت متعدد سہولیات کے ساتھ 'روشن اپنی کار' کی نئی اسکیم متعارف کروائی جائے گی۔

مزید پڑھیں:روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 6 ماہ میں 67 کروڑ ڈالر اکٹھے کیے گئے

علاوہ ازیں 'روشن سماجی خدمت' کو سمندر پار پاکستانیوں سے فلاحی کاموں کے لیے عطیات اکٹھے کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے کیوں کہ خیال ہے کہ دنیا بھر سے سیکڑوں ڈالر فلاحی مقصد کے لیے پاکستان بھیجے جاتے ہیں جو اب اسٹیٹ بینک کی نئی اسکیم کے تحت آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا دونوں اسکیمز اپریل کے اختتام تک متعارف کروادی جائیں گی۔

تاہم مالیاتی شعبے کے ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ دونوں اسکیمز رمضان سے کم از کم 2 ماہ قبل متعارف کروائی جانی چاہیے تھی کیوں کہ ماہِ مقدس کے دوران عطیات، فلاحی کاموں اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوتا ہے۔

کمر کا حجم اور امراض قلب کے خطرے میں تعلق دریافت

کورونا کے بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی بھارت کو باضابطہ امداد کی پیشکش

بھارت نے تمام متنازع مسائل پر خفیہ مذاکرات کی پیشکش کی، پاکستانی حکام