پاکستان

جڑواں شہروں میں ایس او پیز پر عمل کروانے کیلئے پاک فوج نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پرہجوم مقامات پر فوج تعینات کردی گئی ہے۔
|

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے مطابق پاک فوج نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے جس کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں۔

فیصلے کے مطابق کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے راولپنڈی سمیت مختلف علاقوں میں پرہجوم مقامات پر فوج تعینات کردی گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے شہروں میں فوج طلب

فوجی جوان جڑواں شہروں میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والوں کی عکس بندی کررہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیمیں بھی فوج کے ساتھ ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوجی اہلکاروں نے پولیس اور انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں اور شاپنگ اسٹورز کا دورہ کرکے وہاں موجود گاہکوں اور دکان داروں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کے ہمراہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے میں نے پاک فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی سنگین صورتحال: وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے حالات دیکھیں کہ وہاں کس طرح آکسیجن کی کمی ہے، ہسپتال بھرے ہوئے ہیں کئی مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے میری اپیل ہے کہ اگر ہم نے احتیاط نہیں کی تو زیادہ سے زیادہ ہفتے، 2 ہفتوں میں ہمارے بھی بھارت جیسے حالات ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 5 ہزار 908 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 157 مریض انتقال کر گئے۔

وزیراعظم بتائیں ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے بنائی گئی ٹائیگر فورس ناکام ہوگئی؟ بلاول

کورونا کی سنگین صورتحال: وزیر اعظم عمران خان کا بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی

سفری پابندیوں میں 30 اپریل تک توسیع