عدنان صدیقی نے کورونا ویکسین لگوالی
پاکستان میں ان دنوں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے اور اب ملک کے نامور اداکار عدنان صدیقی نے بھی ویکسین لگوالی ہے۔
عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق بتایا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی اور کیپشن میں بتایا کہ انہوں گزشتہ روز ویکسین لگوائی تھی۔
مزید پڑھیں: 'کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے سینئر سٹیزن ہونے کا مزا کبھی نہیں آیا'
عدنان صدیقی نے کہا کہ 'ایمانداری سے، ابتدا میں، میں انجیکشن سے تھوڑا سا گھبرایا تھا، ظاہر ہے آپ جوان ہوں یا بوڑھے یہ وہ چیز ہے جو آپ کو ہر مرتبہ خوفزدہ کردیتی ہے'۔
اداکار نے مزید لکھا کہ ' میرے اہلخانہ اور دوستوں نے ویکسین لگوانے سے قبل اور بعد مجھ سے متعدد سوالات پوچھے جو ویکسین کے محفوظ ہونے سے متعلق پریشان بھی تھے'۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ 'ہاں جی، میں نے ویکسی نیشن کے اثرات سے متعلق رپورٹس بھی پڑھی ہیں جس نے لوگوں کو ہوشیار کردیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں بھی اس حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار تھا پھر میں نے اپنے دوست ڈاکٹر جنید علی شاہ سے مشاورت کی تھی جنہوں نے مجھے یقین دلایا کہ میرے خدشات بے بنیاد ہیں اور ویکسین لگوانے کا کہا'۔
یہ بھی پڑھیں: ارمینہ خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوالی
عدنان صدیقی نے بتایا کہ 'اللہ کے فضل و کرم سے میں بالکل ٹھیک محسوس کررہا ہوں'۔
گزشتہ دنوں پاکستان کے مختلف اداکار اور ادکاراؤں نے ویکسینز لگوائی ہیں جبکہ ثمینہ پیرزادہ پہلی پاکستانی اداکارہ تھٰیں جنہوں نے پاکستان میں ویکسین لگوائی۔
ان سے قبل اداکارہ ارمینہ رانا نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین (ایسٹرا زینیکا) لگوائی تاہم اداکارہ ارمینہ خان نے کورونا ویکسین پاکستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک لگوائی ہے۔
ان سے قبل جنوری میں اداکارہ ریماخان عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئی تھیں۔
ریما خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور فالوورز کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے سے متعلق بتایا تھا۔