پاکستان

ترسیلات زر 26 فیصد بڑھی ہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے، معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آرہی ہے، رضا باقر

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری آرہی ہے جبکہ ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کے دوران رضا باقر نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں: مسلسل آٹھویں ماہ ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے زائد

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں ترسیلات زر میں اضافے کی شرح 43 فیصد رہی ہے۔

رضا باقر نے کہا کہ ابھی عید آنے والی ہے اس پر ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت میں معاون کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے معاشی اشاروں میں اضافے کو پہلی اور تیسری کورونا وائرس کی لہر میں بطور فرق پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی پہلی اور تیسری لہر کے درمیان یہ پہلا فرق ہے۔

مزید پڑھیں: ترسیلات زر میں مسلسل پانچویں ماہ بھی اضافہ، اکتوبر میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

رضا باقر نے لارج اسکیل مینوفیکچرنگ (ایل ایس ایم) کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بنیاد پر ایل ایس ایم میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے اگر یہ تقریب ہو رہی ہوتی اور ایل ایس ایم کا تذکرہ ہوتا تو اس کے تمام اشاریے منفی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپلائی اور ایل ایم ایس کے شعبوں میں اشاریے مثبت ہیں جبکہ گزشتہ برس تمام اشاریے منفی تھے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی شرح نمو 8.7 فیصد رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترسیلات زر مسلسل چھٹے ماہ 2 ارب ڈالر سے زائد

انہوں نے کہا کہ وائرس کی تیسری لہر کے دوران ہم مضبوط معاشی شرح نمو کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔

قبل ازیں رضا باقر نے روایتی گھنٹا بجا کر حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز کیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر سے متعلق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے، آپ نے تمام ریکارڈ توڑ کر کووڈ کے باوجود مسلسل 10 ماہ تک ماہانہ 2 ارب ڈالر سے زائد بھیجے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک آپ کی ترسیلات زر میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سیاسی جماعتوں کی سینیٹ کی اہم کمیٹیوں کی سربراہی پر نظر

کیا یوسفزئی پشتونوں کا روایتی پکوان 'ورجلی' بدھ مت کا تحفہ ہے؟

جنوبی پنجاب کو علیحدہ زون بنانے کے منصوبے کو وزیراعظم کی منظوری مل گئی